عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایگریکلچر یونیورسٹی کے شعبہ فیکلٹی آف فارسٹری نے پبلک ہائر سیکنڈر سکول وتہ لار گاندربل میں’جنگلی خوردنی پھلوں کی صلاحیت اور امکانات‘ پر ایک روزہ انٹرپرینیور شپ بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ہائر سکینڈری سکول وٹہ لار گاندربل کے متعلقہ شعبہ اور پبلک ہائر سیکنڈری سکول وتہ لار کے تدریسی عملہ نے شرکت کی۔ تقریب میں 80 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا جن میں سے زیادہ مختلف مضامین کے طلباء تھے۔ افتتاحی سیشن کا آغاز ڈاکٹر این اے پالا (پروگرام کوآرڈی نیٹر)کے خطبہ استقبالیہ سے ہواجنہوں نے اس تربیتی پروگرام کے انعقاد کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ شعبہ کے سربراہ پروفیسر جی ایم بٹ جنہیں سکاسٹ کے گرین مین کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے کاشت کے طریقوں اور پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی اور اس شعبے میں کاروباری مواقع کی وسعت کے بارے میں بتایا۔