راجوری //فوج کی جانب سے راجوری ضلع کے خواص علاقہ میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس طبی کیمپ کے دوران ایک ویٹر نری کیمپ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس کے دوران مویشوں کا معائینہ کر کے ان کو بھی طبی خدمات فراہم کی گئی۔فوج نے بتایا کہ خانہ بدوش طبقہ کےلئے مذکورہ نوعیت کا کیمپ منعقد کرنے کا اصل مقصد دیہات میں پسماندگی کی زندگی بسر کرنے والوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا تھا۔اس دوران آیوشمان بھارت اور ای شرم سکیموں کے تحت رجسٹریشن بھی عمل میں لائی گئی ۔فوج نے بتایا کہ اس طبی کیمپ کے دوران سینکڑوں مریضوں و درجنوں مویشیوں کا طبی معائینہ کر کے ان کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئی جبکہ مکینوں کو مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔ڈاکٹروں نے مریضوں کو کووڈ سے بچاﺅ کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے تلقین کی کہ ترجیح بنیادوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔