محمد بشارت
کوٹرنکہ //تحصیل خواص میں گزشتہ رات ایک دلخراش حادثے میں ماں اور بیٹا زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ ہلاک شدگان کے رشتہ داروں نے اس واقعے کو حادثہ قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مہندرا XUV-300(رجسٹریشن نمبر 24BH5324C) کا ڈرائیور تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا کہ لٹھی کے قریب گاڑی پر سے قابو کھو بیٹھا۔ اس حادثے میں بالجیت سنگھ کی اہلیہ للیتا دیوی، عمر 25 سال، اور اس کا کمسن بیٹا کریش موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) خواص پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے خواص چوکی میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ادھر بدھ کی صبح ہی ہلاک ہونے والی خاتون کے رشتہ داروں نے تحصیل ہیڈکوارٹر خواص پر احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ قتل ہے۔ پنچایت حلقہ پنگلار کے سابق سرپنچ بلدیو سنگھ نے الزام عائد کیا کہ بالجیت سنگھ نے اپنی بیوی اور بیٹے کو جان بوجھ کر ہلاک کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میاں بیوی کے درمیان اکثر تلخ کلامی ہوتی تھی، جس کی وجہ سے حالات کشیدہ رہتے تھے۔پولیس حکام نے بتایا کہ بدھل تھانہ میں بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس واقعے کی ہر پہلو سے جانچ کر رہی ہے، تاکہ اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں۔یہ واقعہ علاقے میں سنسنی کا باعث بن گیا ہے، اور مقامی لوگ انصاف کے مطالبے کے ساتھ تحقیقات کی شفافیت پر زور دے رہے ہیں۔