نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے خواتین کی حفاظت کو اہم بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ایک طرح سے انسانیت کی حفاظت سے بھی بڑھکر ہے اس لئے اس پر سب سے پہلے توجہ دی جانی چاہئے ۔مسٹر سنگھ نے ' خواتین کی حفاظت اور صنفی مساوات 'کے تئیں لوگوں کو بیدار کرنے کے مقصدسے آج یہاں منعقد ددوڑ 'رن فار لاڈلی ہاف میراتھن' کو ہری جھنڈری دکھاکر روانہ کرنے کے موقع پر یہ بات کہی ۔اس دوڑ کا انعقاد دہلی پولیس اور غیر سرکاری تنظیم لاڈلی فاؤنڈیشن نے مل کر کیا۔ اس میں ہزاروں کی تعداد میں اسکول اور کالج کے طالب علم، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ملازمین اور پیشہ ور رنر شامل ہوئے ۔ لاڈلي فاؤنڈیشن نے اگلے پانچ سال میں ملک میں ایک کروڑ 'لاڈلی رکشک' تعینات کرنے کا ہدف رکھا ہے ۔مسٹر سنگھ نے ملک میں خواتین کے تئیں نظریہ میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین سماج کی مضبوط بنیاد ہیں اور وہ جتنی مضبوط ہوں گی سماج کی بنیاد بھی اتنی ہی طاقت ور بنے گی۔خواتین کے تئیں عزت و احترام کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے اسے تعلیم میں شامل کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے اس سمت میں لاڈلی فاؤنڈیشن کی کوششوں کی ستائش کی۔اس موقع پر موجود دہلی پولیس ڈپٹی کمشنر امولیے پٹنائک نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کو روکنا پولیس کی سب سے بڑی ذمہ داری اور فکرمندی ہے ۔خواتین کی حفاظت کے تئیں بیداری بہت اہمیت رکھتی ہے ۔ایسے پروگرام کا انعقاد ہوتا رہنا چاہئے ۔جواہر لال نہرو اسٹیڈیم سے شروع ہونے والی دوڑ کناٹ پلیس کے سنٹرل پارک میں ختم ہوئی۔دوڑ میں شامل لوگوں کو خواتین کے خلاف جرائم کو ہر حال میں وکنے میں مدد کرنے کے لئے 'لاڈلی رکشک' بننے کا عز دلایاگیا۔اس موقع پر دہلی پولیس کی جانب سے اسکل انڈیا مہم کے تحت مہارت کے فروغ کے لئے جھگی بستیوں میں رہنے والے 15 ہزار بے روزگار نوجوانوں کا رجسٹریشن کا بھی انتظام کیا گیا۔اکیس، پندرہ اور پانچ کلو میٹر کے تین زمرہ میں منعقد اس ریس کو مکمل کرنے والے پہلے 15 شرکاء کو نقد انعام، ایک ٹرافی اور آن لائن سرٹیفکیٹ عطا کیا گیا۔یو این آئی