سرینگر//حریت (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے شوپیان میں معرکے میں زخمی ہوئی معصوم دوشیزہ سائمہ بانو کی ہلاکت پر اپنے گہرے رنج وغم اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی فورسز ایک منصوبہ بند طریقے پر اب خواتین اور معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی درندگی کا شکار بنا رہی ہے۔ انہوں نے خواتین پر بھارتی فورسز اور پولیس کی جانب سے نشانہ بنانے کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بزدلانہ اور کائرانہ حرکات سے تعبیر کیا ہے اور کہا کہ بھارت کا ظلم اپنی انتہائوں کو چھو رہا ہے۔گیلانی نے حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں سے پُرزور اپیل کی کہ وہ آگے آکر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں کیونکہ بھارت کی فوج جموں کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے تحت سنگین جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے اور وہ اس کے تحت معصوم خواتین اور بچوں کو بھی اپنی حیوانیت کا شکار بنارہی ہے۔ گیلانی نے کہا پچھلے ایک ماہ کے دوران بھارتی فورسز کی جانب سے عام شہریوں خاص کر خواتین اور معصوم بچوں کو نشانہ بناکر انہیں موت کے گھاٹ اُتارنے کی کارروائیوں میں کافی حد تک اضافہ ہوگیا ہے جس سے پوری قوم ماتم کدہ میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوںنے مرحومہ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دُعا کی کہ وہ مرحومہ کو جنت الفردوس اور لواحقین کو یہ صدمۂ عظیم برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے۔ہندنواز پارٹیوں کی جانب سے شہری ہلاکتوں کے بیانات کو محض ڈرامہ بازی اور اشک شوئی سے تعبیر کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ یہ لوگ جموں کشمیر میں ہورہے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں اور جب تک یہ لوگ ہمارے سروں پر سوار رہیں گے ہماری مصیبتوں میں اضافہ ہی ہوتا جائے گا۔ یہی وہ لوگ ہیں جو بھارت کے فوجی قبضے کے مقامی چہرے ہیں اور ان سب نے مل کر اپنے اپنے وقت پر اس غیرقانونی، غیر اخلاقی، غیر فطری اور غیر انسانی قبضے کو سندِ جواز بخش کر ہمارے لیے مصیبتوں اور آزمائشوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کیا ہے۔