عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ گذشتہ10برسوں کے دوران جموں و کشمیر کو جس بے چینی، غیر یقینیت اور دگرگوں صورتحال سے دوچار ہونا پڑا، اس میں یہاں کی خواتین کو زبردست مشکلات، مصائب اور چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں خواتین کو بااختیاربنانے میں نیشنل کانفرنس کا ایک اہم رول رہاہے۔فاروق عبداللہ کے مطابق انہوں نے اپنے منشور میں راحت کا وعدہ کیا ہے اور حکومت عوام خصوصاً خواتین کو درپیش چیلنجوں کا ازالہ کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریگی۔موصولہ بیان کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ پیر کو پارٹی ہیڈکوارٹر پر خواتین ونگ کی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں نومنتخب عہدیداروں کو تقرری کے حکمنامے سونپے گئے۔ پارٹی کی خواتین ونگ سے وابستہ شبینہ خان کو نائب صدر صوبہ کشمیر، پروینہ چودھری کو نائب صدر صوبہ کشمیر اور سید زرینہ بیگم کو ضلع صدر بانڈی پورہ نامزد کیا گیا ہے۔ تقریب میں پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، خواتین ونگ صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس، صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری ، صوبائی سکریٹری عائشہ جمیل اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ مرد اور خواتین سماج کے دو پہئے ہیں اور خواتین کے بغیر سماج ادھورا ہے۔ڈاکٹر فاروق نے خواتین ونگ سے وابستہ عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے کمربستہ ہوجائیں اور باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور عوامی ساکھ کے حامل نمائندوں کو آگے لائیں۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور نیشنل کانفرنس کے پروگرام، پالیسی اور حصولیابی کو لوگوں تک پہنچائیں ۔