جموں//دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے جمہوری اداروں کوزمینی سطح پرمضبوط کرنانہایت ضروری ہے۔ان خیالات کااظہار نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی صوبائی صدرستونت کورڈوگرہ نے یہاں ضلع صدررورل دلجیت شرماکی جانب سے جموں رورل میںپنچایت جندرمیںمنعقدہ ایک تقریب کے دوران پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے دیہی خواتین پرزوردیاکہ وہ پنچایت انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جائیں ۔ستونت ڈوگرہ نے خواتین پرزوردیاکہ وہ جمہوری اداروں میں 33فیصد ریزروسیٹوں پرانتخابات لڑیں اورزمینی سطح پرجمہوری اداروں کومضبوط بنائیں۔انہوں کہاکہ خواتین کوآگے آکراپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس قیادت پنچایتوں اوراربن لوکل باڈیزکے انتخابات میں خواتین کی 33فیصدریزرویشن کویقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایماندارخواتین کوآگے آکرمجوزہ پنچایت انتخابات میں حصہ لیناچاہیئے۔اس دوران ستونت ڈوگرہ کے سامنے خواتین کے مختلف مسائل بھی رکھے گئے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت معمراوربیوہ خواتین کوپنشن سے بھی محروم رکھ رہی ہے۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ اورایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ پربھی تشویش کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی پالیسی عوام کش ہیں ۔صوبائی نائب صدر گردیپ سنگھ ساسن نے بھی خطاب کرتے ہوئے ریاست کے مختلف خطوں کے لوگوں کے حقوق کی بحالی کامطالبہ کیا۔انہوں نے پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت کوہرمحاذ پرناکام قراردیا۔اس دوران ضلع صدردلجیت شرما نے کہاکہ نیشنل کانفرنس عوام کے آپسی اتحادمیں یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے شیخ محمدعبداللہ کے نعرہ ہندومسلمان اتحا دکابھی حوالہ دیا۔ اس موقعہ پر بلاک صدرلتاشرما، شکنتلادیوی ،نیلم دیوی،رادھادیوی، نیشارانی ودیگران بھی موجودتھے۔