عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں یونیورسٹی میں 3 روزہ ’جے اینڈ کے ویمن سائنس کانگریس 2024‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یونیورسٹی آف جموں اینڈ جے اینڈ کے سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن کونسل کی جانب سے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعات میں خواتین کے لیے قائدانہ انداز کو تبدیل کرنے کے منفرد اقدام کی ستائش کی۔انہوں نے جموں و کشمیر میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے مضامین کی تمام سطحوں پر صنفی فرق کو ختم کرنے کے لئے یوٹی انتظامیہ کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’آج میں یہ دیکھ کر خوش ہوں کہ ہماری بیٹیاں جدت اور تبدیلی کو آگے بڑھا رہی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں خواتین سائنسدانوں اور ٹیکنالوجی لیڈروں پر فخر ہے۔ خلا سے مصنوعی ذہانت تک، کاروبار سے لے کر صحت کی دیکھ بھال تک، تعلیم سے اختراع تک، زراعت سے تحقیق تک، ناری شکتی رکاوٹوں کو توڑ رہی ہے اور نئی نسل کو متاثر کر رہی ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے تعلیمی اداروں اور محکموں کو سائنس اور متعلقہ شعبوں میں خواتین کی شرکت کو مزید بڑھانے کے لئے پالیسی مداخلت کرنے کی ہدایت کی۔موصوف نے کہا کہ ’’مجھے پختہ یقین ہے کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق میں خواتین کی فعال شرکت ہندوستان کو ایک عالمی اختراعی پاور ہاؤس کے طور پر بنا سکتی ہے۔ جموں و کشمیر میں خواتین کی زیر قیادت ترقی ہمارا اولین مقصد ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے‘‘۔انہوں نے یونیورسٹیوں اور مختلف اسٹیک ہولڈرز پر مزید زور دیا کہ وہ ممتاز مصنفین اور فلم سازوں کو جموں کشمیر کی خواتین سائنسدانوں اور اختراع کاروں کے لئے وقف کردہ اشاعتوں اور فلموں کے لئے بورڈ میں شامل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کورسز اور خصوصی تحقیقی منصوبوں میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے، اس کے علاوہ ئنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں سے وابستہ خواتین سائنسدانوں کو ضروری مالی اور تکنیکی وسائل کی مدد فراہم کی جائے۔انہوں نے جموں و کشمیر کے سائنس اور ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کو نیتی آیوگ کے وومن انٹرپرینیورشپ پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط ایک خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف شعبوں میں تحقیق اور اختراعات کو فروغ دینے کیلئے جموں یونیورسٹی کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر، لیفٹیننٹ گورنر نے جے اینڈ کے ویمن سائنس کانگریس 2024 کے بارے میں خلاصہ کتابچہ جاری کیا۔