یو این آئی
نئی دہلی//ہندوستان جو خلا کے میدان میں نئے سنگ میل حاصل کرنے کی طرف مسلسل آگے بڑھ رہا ہے، اپنے خلائی سفر میں ایک اور فیصلہ کن باب لکھنے جا رہا ہے اور چار دہائیوں کے بعد اس نے بین الاقوامی خلائی مشن کے تحت اگلے ماہ ایک ہندوستانی خلاباز کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔سائنس اور ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جمعہ کو یہ اعلان انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو)کے مستقبل کے اہم منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے یہاں منعقدہ ایک اعلی سطحی میٹنگ کے بعد کیا۔اس مشن میں ہندوستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کو بھیجا جا رہا ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ یہ مشن سوویت سویوز خلائی جہاز پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی راکیش شرما کی 1984 کی مشہور پرواز کے بعد چار دہائیوں میں خلا میں سفر کرنے والے پہلے ہندوستانی خلاباز سے منسلک ہے۔جائزہ میٹنگ میں خلائی محکمہ کے سکریٹری اور اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر وی نارائنن نے آنے والے مختلف خلائی مشنوں کی حالت کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ گروپ کیپٹن شکلا ایکس سیوم اسپیس کے X-4 مشن کے ایک حصے کے طور پر اگلے ماہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس)کے لیے اڑان بھرنے کے لیے تیار ہے۔گروپ کیپٹن شکلا کا یہ مشن ہندوستان کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی خلائی تعاون میں ایک سنگ میل ہے۔ وہ فضائیہ کے ایک ممتاز ٹیسٹ پائلٹ ہیں اور انہیں اسرو کے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام (ایچ ایس پی)کے تحت منتخب کیا گیا تھا۔