جموں//خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ قومی فوڈ سیکورٹی ایکٹ کے تحت عوامی تقسیم کاری کے ساتھ آدھار کو جوڑنے کی بدولت اشیاءخوردنی کے خُرد بُرد کو بڑی حد تک روکا جارہا ہے۔وزیر موصوف محکمہ خوراک کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔میٹنگ میں سیکرٹری خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین ڈاکٹر عبدالرشید،ڈائریکٹر خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین چودہری رشید آعظم انقلابی،خوراک، شہری رسدات و امور صارفین کشمیر ناصر خان وانی، ایڈیشنل سیکرٹری جگل کشور آنند، فائنانشل ایڈوائزر ضیا قاضی اورخوراک، شہری رسدات اور امور صارفین محکمہ کے ڈپٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔میٹنگ میں ای۔ پی ڈی ایس نظام کے مختلف پہلوو¿ں پر غور کیا گیا جس میں اشیاءخوردنی کی آن لائین فراہمی، غذائی اجناس کی فروخت بذریعہ پی او ایس آلات، جنہیں فئیر پرائس شاپس پر نصب کیا گیا ہے، راشن کارڈ منیجمنٹ نظام پی او ایس مشینوں کو نصب کرنے کا عمل، نئے راشن کارڈوں کی تقسیم اور آن لائین شکائتوں کے ازالہ کا پورٹل شامل ہیں۔وزیر نے کہا کہ آدھار کے ساتھ جڑے عوامی تقسیم کاری نظام کی بدولت اشیاءخوردنی کی تقسیم کاری میں شفافیت لائی گئی۔ ذوالفقار نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام راشن گھاٹوں پر پوائنٹ آف سیل نظام کے تحت اشیاءخوردنی کی فروخت کو یقینی بنائیں۔چوہدری ذوالفقار نے کہا کہ ایسے راشن ڈیلروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی جو سرکاری ہدایات کی خلاف ورزی میں ملوث پائے جائیں گے۔