اشتیاق ملک+محمد تسکین+عاصف بٹ+زاہد بشیر
ڈوڈہ //محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق وادی چناب کے پہاڑوں پر موسم کی پہلی باری و میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ پیر و منگل کی درمیانی شب کو ڈوڈہ، کشتواڑ و رام بن اضلاع کے پہاڑوں پر تازہ برفباری و ہلکی بارش ہوئی جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
کشتواڑ
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کے بالائی علاقہ جات میں گزشتہ شب برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوتی رہیں۔ سنتھن و مرگن ٹاپ پر چھ انچ کے قریب برف ریکارڑ کی گئی جس سے دونوں سڑک رابطے آمدورفت کیلئے بند کردئے گئے ہیں۔ ایس ڈی ایم چھاترو نے بتایا کہ سنتھن ٹاپ پر تازہ برفباری کے بعد سڑک پر آمدرفت کو معطل کردیاگیاہے۔انہوںنے کہا کہ برف ہٹانے کا عمل شروع کردیاجائیگا، فی الحال کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ادھرضلع کے بالائی علاقہ جات میںرات بھر برفباری ہوتی رہی۔واڑون کے مرگن میں دو سے تین انچ تازہ برف درج کی گئی جبکہ دیگر مقامات پر بھی ہلکی برفباری ہوتی رہی وہی میدانی علاقہ جات میں رات بھر ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری ہوئی۔موسم میں آئی تبدیلی کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں نمایاں آئی اور لوگوں نے گرم ملبوسات کااستعمال شروع کردیا۔
بانہال
بانہال کے پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے بشمول مہو۔منگت ، ترگام ، پتہالن ، نیل ، ڈولیگام ، ٹھنڈی ، پھاگو ، چنجلو کے پہاڑوں پر اس موسم کی تازہ برفباری ہوئی ہے۔پہاڑوں پر تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں ہوئی بارشوں کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا ہے اور لوگوں نے اْن روائتی گرم ملبوسات کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے جو عام طور پر نومبر۔ دسمبر میں استمال کئے جاتے تھے۔ اس دوران پیر اور منگل کی رات بانہال اور رام بن کے میدانی علاقوں میں ہوئی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور معمول کے مطابق شاہراہ پر دونوں طرف سے ٹریفک چلتا رہا۔
گول
گزشتہ شام کو گول کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی اس دوران میدانی علاقوں میں جم کر بارش ہوئی ۔ پہلی برف باری کے ساتھ ہی میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں سردی میں اضافہ ہوا جس کے چلتے لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے ۔بارش کی وجہ سے زمینداروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ آج مکئی کی کٹائی کے ساتھ ساتھ گھاس کی کٹائی بھی زوروں پر ہوتی ہے لیکن بارش کی وجہ سے لوگوں کو گھاس کو شدید نقصان پہنچتا ہے ۔ وہیں اس دوران گول میں بارشوں کے ساتھ ہی بجلی و پینے کے پانی کی کٹوتی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔