بانہال // بدھ کے روز موسم ابر آلود رہا اور ضلع رام بن کے کئی اونچے پہاڑوں پر اس موسم کی ایک اور مگر ہلکی ہلکی برفباری ہوئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ تاہم شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئے بغیر جاری رہی۔ بدھ کی صبح سے ہی بانہال ، رام بن اور گول کے علاقوں میں موسم ابر آلود رہا اور نچلے علاقوں میں بارش کی ہلکی سی پھوار ہوئی جبکہ کھڑی ، چنجلو اور گول کی اونچی پہاڑیوں پر اس موسم کی ایک اور ہلکی ہلکی برفباری ہوئی تاہم دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کے بعد شام تک مطلع صاف ہوگیا تھا اور بیچ بیچ میں دھوپ بھی نکلتی رہی۔ پہاڑوں پر ہوئی ہلکی ہلکی برف کی وجہ سے سردی میں مزید شدت آئی ہے۔ اس سال چلہ کلاں میں بھی بارشوں اور برفباری کے نہ ہونے کی وجہ سے باقی ریاست کی طرح ضلع رام بن میں بھی زمیندار اور عام لوگ مایوس ہیں کیونکہ مسلسل خشک موسم کی وجہ سے نہ صرف ندی نالوں اور چشموں میں پانی کی سطح بتدریج کم ہورہی ہے بلکہ خریف میں فصلوں کی بوائی بھی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ موسم کے خشک رہنے کی وجہ سے زمیندار اور عام لوگ پریشان ہیں اور پینے کے پانی وسائیل بھی لگاتار سوکھ رہے ہیں اور خشک سالی کی وجہ سے کئی بیماریوں نے بھی لوگوں کو آ گھیرا ہے ۔ ابر آلود موسم اور بارشوں کی ہلکی ہلکی فوار کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بدھ کے روز متاثر ہوئے بغیر جاری رہی اور معمول کا ٹریفک بغیر کسی خلل کے چلتا رہا۔