ڈوڈہ//اتوار کو خطہ چناب کے تینوں اضلاع کے صدر مقامات کے علاوہ تحصیل و نیابت سطح پر بھی 15اگست کے سلسلہ میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی جس میں جہاں ضلع ترقیاتی کمشنروں ، سب ڈویژنل مجسٹریٹوں، تحصیلداروں، نائب تحصیلداروں و دیگر سینئر افسران نے مارچ پاسٹ کا معائینہ کر کے سلامی لی وہیںتقریبات کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
رام بن
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع پولیس لائن چندروگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حسین گنائی نے ترنگا لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔ اس موقعہ پر فوجی بینڈ، سی آر پی ایف، آئی آر پی ایف ، جموں کشمیر پولیس، فاریسٹ پروٹیکشن فورس، این سی سی کے علاوہ متعدد اسکولوں سے آئے ہوئے بچوں سمیت 23ٹکڑیوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بینڈ ڈرل کے علاوہ پیش کئے گئے رنگا رنگ پروگراموں کو بھی دیکھاجن میں روایتی لوک گیت، حب الوطنی کے نغمے اور دیگر نکڑ ناٹک وغیرہ شامل تھے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام محکمہ جات کو آپسی تال میل بنائے رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقعہ پر ایس ایس پی موہن لال، ایڈیشنل ڈی سی رویندر ناتھ سادھو، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ایس پی اور دیگر محکمہ جے کے افسران ، تعلیمی اداروں کے سربراہ اور دیگران بھی موجود تھے۔
ڈوڈہ
اسحق عارف
ڈوڈہ//سپورٹس سٹیڈیم ڈوڈہ میں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدکی جانے والی تقاریب کو حتمی شکل دی گئی، فل ڈریس ریہرسل کا آغاز ضلع ترقیاتی کمشنر بھوپندر سنگھ کی طرف سے ترنگا جھنڈا لہرائے جانے کے ساتھ ہوا جس کے بعد مارچ پاسٹ کی سلامی لی گئی جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے چاک و چوبند طلاب کی ٹکڑیوں کے علاوہ سی آر پی ایف ، جے کے اے پی، جموں کشمیر پولیس، فاریسٹ پروٹیکشن فورس، این سی سی وغیرہ شامل تھے۔ ڈی ڈی سی اس قومی تہوار پر روشنی ڈالتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ لوگ بھاری تعداد میں اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ اسکے بعد ہائر سکینڈری اسکول بوائز میں کلچرل پروگرام کا اہتمام کیا گیا جسے دیکھنے کے لئے ایس ایس پی محمد شبیر کھٹانہ، ایڈیشنل ڈی سی محمد حنیف ملک، ایڈیشنل ڈی ڈی سی نریندر سنگھ بالی، اے سی آر طارق رائیک اور دیگران موجود تھے۔ افسران نے بچوں کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے انہیں پوری تندہی سے پروگرام میں حصہ لینے کے لئے کہا۔
کشتواڑ
توصیف بٹ
کشتواڑ//چوگان میں 15اگست کے سلسلہ میں فل ڈریسل ریہرسل کا اہتمام کیا گیا جس میں نہ صرف سرکاری ملازمین اور اسکولو ں کے طالب علم شریک ہوئے بلکہ بھاری تعداد میں مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔ سب سے پہلے ضلع ترقیاتی کمشنر غلام نبی بلوان نے ترنگا پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کا سیلیوٹ لیا جس میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس، سی آئی ایس ایف، جموں کشمیر پولیس، ایف پی ایف ، این سی سی کے علاوہ مختلف اسکولوں سے آئے ہوئے طلاب کی ٹکڑیوں نے قدم سے قدم ملاتے ہوئے سلامی پیش کی۔ اس کے علاوہ ضلع بھر سے آئے ہوئے 1800سے بھی زائد بچوں نے رنگا رنگ پروگرام میں حصہ لیا اور لوک گیت، ناچ گانے، دیش پیار کے نغمے، مزاحیہ کھیل اور تقاریر وغیرہ پیش کیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے انتظامات کے لئے طلباء اور ان کے اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں منگل کے روز منعقد ہونے والی تقرایب میں اسی جوش و خروش اور جذبہ کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔