محمد تسکین
بانہال//جمعہ کی صبح سے بارشوں اور برفباری کے سلسلے نے پچھلے چار پانچ مہینوں سے جاری خشک موسم کا سلسلہ ختم کر دیا ہے اور برف کی سفید چادر نے ہر طرف سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑائی ہے۔ جمعہ کی صبح سے ضلع رام بن کے میدانی علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو گیارہ بجے کے قریب برفباری میں تبدیل ہوگیا ۔سب ڈویژن بانہال ، جواہر ٹنل ، مہو ۔ منگت اور ضلع رام بن کے اوپری پہاڑی علاقوں میں اس موسم کی پہلی برفباری ہوئی ہے جبکہ رام بن کے نچلے علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں ۔ قصبہ بانہال اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی اس موسم کی پہلی برفباری ہوئی ہے اور اس غیر متوقع برفباری نے لوگوں کے چہروں پر خوشیوں اور تازگی کے احساس کو نمایاںکیا ہے ۔ تازہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے پچھلے قریب چار مہینوں سے جاری خشک موسم کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا ہے اور تازہ بارشوں اور برفباری سے کشمیر کی سیاحت پر انے والے سیاحوں ، عام لوگوں خاص کر زمینداروں نے راحت کی سانس لی ہے ۔کھڑی ، مہو۔منگت ، جواہر ٹنل ، نیل ، پوگل پرستان کے علاقوں میں دو سے پانچ انچ تک برفباری ہوئی ہے جبکہ قصبہ بانہال اور اس کے اس پاس ایک سے دو انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے اور محکمہ موسمیات نے رات کے اوقات میں مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتے کے روز وادی چناب اور خطہ پیر پنجال سمیت ریاست جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بغیر کسی خلل کے جاری ہے اور شاہراہ پر مسافر اور مال گاڑیوں کی دوطرفہ آمد و رفت معمول کے مطابق منزلوں کو بڑھ رہی ہے ۔ ٹریفک پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا بارشوں اور برفباری کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی دوطرفہ طور جاری ہے اور سینکڑوں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال ۔ قاضی گنڈ ٹنل کے بانہال کی طرف فلائی اوور پر برفباری کی وجہ سے پھسلن پیدا ہورہی ہے تاہم پھسلن اور برف کو صاف کرنے کیلئے تعمیراتی کمپنی کی مشینری وہاں پر موجود ہے ۔ انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ کل ہفتے کے روز اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہ اور موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں اور اس بارے سفر سے پہلے ٹریفک کنٹرول یونٹ سے جانکاری حاصل کریں ۔