تیز آندھی سے کئی رہائشی مکانات کی چھتیں اُڑگئیں ،ٹھنڈ کی شدت میں اضافے سے معمولات زندگی متاثر
عاصف بٹ+اشتیاق ملک+محمد تسکین + زاہدبشیر
چناب //جموں وکشمیرکے دیگر اضلاع کی ہی طرح خطہ چناب کے سبھی اضلاع میں برفباری اور بارش کی وجہ سے معمولات زندگی متاثرہوکر رہ گئی ۔خطہ میں تیسرے روز بھی بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکے سے درمیانہ درجہ کی بارشیں ہوئی تاہم کچھ ایک علاقوں شام کے دوران موسم میں کچھ حد تک بہتری ریکارڈ کی گئی ۔ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں تیسرے روز بھی مسلسل بارشوں وبرفباری سے عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی جسے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کشمیر عظمی کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع کے بالائی علاقہ جات میں اتوارکو شروع ہوئی برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے جسے ان علاقہ جات میں عام زندگی بری طرح سے مفلوج ہوئی ہے ۔سب ڈویژن مڑواہ کے واڑون و مڑواہ میں بھاری برفباری کی اطلاع مل رہی ہے۔ واڑون کے مرگی انشن رکنواس گمر و دیگر مقامات پر تین فٹ سے زائدبرف جمع ہونے کی اطلاع موصو ل ہوئی ہیں ۔علاقہ کا زمینی ہوائی و موصولاتی رابطہ مکمل طور منقطع ہوگیاہے۔ واڑون سے ملی اطلاع کے مطابق ڈیڈھ فٹ سے زائد برفباری ہوئی ہے۔وہی دچھن کے علاقہ جات میں بھی قریب ایک فٹ تک برف جمع ہوئی ہے۔دچھن کو جوڑنے والی واحد سڑک رابطہ آمدرفت کیلئے بند ہے جبکہ علاقہ سوموار سے گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔
سب ڈویژن پاڈر سے ملی اطلاعات کے مطابق مچیل اشتہاری گھندھارء پاڈر میں 1 فٹ تک برفباری ہوئی ہے جسے ان علاقہ جات میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ہے۔ پاڈر کو ضلع ہیڈکواٹر کشتواڑ سے جوڑنے والی سڑک پسایاں گرآنے کے سبب آمدرفت کیلئے بند ہے۔سب ڈویژن چھاترو سے ملی اطلاعات کے مطابق علاقہ میں بھاری برفباری ہوئی ہے جسے متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچاہے جبکہ گزشتہ کئی روز سے متعدد علاقے گھپ اندھیرے میںڈوبے ہوے ہیں۔ چنگام کے پارنہ ،ڈونواڈ ودیگر مقامات پر متعدد رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچاہے۔ جسکے سبب لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا ہے ۔عوام نے انتظامیہ سے فوری طور مدد کی اپیل کی ہے وہی چھاترو کے متعدد علاقہ گزشتہ کی روز سے گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوے ہیں۔علاقے میں متعدد مقامات پر بجلی کی ترسیلی لائنوںو کھمبوں کو نقصان پہنچا ہے جنھیں اب تک بحال نہیں کیا جاسکا۔ کشتوارڑ اننت ناگ قومی شاہرہ پر کڑیاپل کے قرئب بھاری پسی کی زمیں نجی گاڑی آئی تاہم اسمیں موجود سبھی افراد کو محفوظ نکالاگیا۔ سڑک پر آمدفت معطل ہوگیا ہے۔وہی متعدد اندرونی سڑک رابطے بند پڑے ہوے ہیں جسے لوگ گھروں میں محصور ہوکررہگے ہیں۔ بونجواہ درابشالہ و سروڑ کے دیگر علاقہ جات کا حال بھی خستہ ہے جہاں ان علاقہ جات میں بجلی و پانی کا نظام بند ہوچکاہے۔ ضلع رام بن کے بانہال ، کھڑی ، رامسو ، گول ، اْکڑال پوگل پرستان ، بٹوٹ اور راجگڑھ تحصیلوں کے بیشتر علاقوں میں برفباری کیوجہ سے معمول کی زندگی متاثر ہے اور بیشتر علاقوں کو جانے والی سڑکیں اور بجلی کا نظام دوسرے روز بھی معطل رہا۔ منگل کی صبح سے دس بجے سے بانہال میں بارشوں کے تیسرے روز برفباری ہوئی اور بانہال قصبہ سے نویگہ ٹنل تک چار سے سات انچ تک برف ریکارڈ کی گئی ۔ اس دوران مہو۔منگت ، باوا ، اکھرن ، نیل ، سراچی ، پھاگو ، نوگام ، ٹھٹھاڑ ، سمبڑ کے علاقوں میں ایک سے دو فٹ تک برفباری ہوئی ہے۔گول و ملحقہ جات میں تیسرے روز بھی شدید ژالہ باری کے ساتھ برف باری اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اس دوران گول رام بن شاہراہ چھپرن نالہ میں طغیانی کی صورتحال کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا اور ڈکسر کے نزدیک بھی پسی گر آنے کی وجہ سے کئی گھنٹے تھے ٹریفک مسدود ہو کر رہ گئی، گول میں پانچ انچ کے قریب برف جمع ہوئی جبکہ اوپری علاقوں میں اس سے زیادہ برف باری ہوئی جبکہ نچلے علاقوں جن میں سنگلدان ، داڑم ، اندھ وغیرہ میں آج تیسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ وہیں علاقہ ٹھٹھارکہ میں گزشتہ شام شدید ژالہ باری کی وجہ سے ایک رہائشی محمد رمضان ولد اکبر ساکنہ ٹھٹھارکہ کے مکان کی چھت ہی اُکھڑ گئی جس وجہ سے بارشوں کا سارا پانی اور ملبہ مکان کے بیچ میں آیا جس وجہ سے کافی زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ وہیں اسی طرح سے شدید بارشوں کی وجہ سے دوسری جگہوں سے بھی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔شدید بارشوں اور برف باری کے بیچ گول کے شیرلی ، جمن ، آئی ٹی آئی ، داچھن ، ڈھیڈہ علاقوں میں آج تیسرے روز بجلی بحال نہیں ہو سکی ۔ محکمہ کے مطابق لگا تار شدید بارشوں و برف باری کی وجہ سے کام نہیں کر پائے اور امید کی جا رہی ہے کہ اگر برف باری اور بارشوں میں کچھ راحت ملے گی تو شام تک ان علاقوں میں بجلی سپلائی بحال کر دی جائے گی ۔ڈوڈہ ضلع میں تیسرے روز بھی برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی۔اس دوران درجنوں دیہات میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر رہا جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور کئی تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق منگل کے روز بھی ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ ،عسر مرمت کے مضافات میں وقفے وقفے سے بارشوں و برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں زیر آب ہوئیں اور متعدد مقامات پر پتھر گرنے کا عمل بھی شروع ہوا تاہم ضلع کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق بحال رہا۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں پریم نگر کے نزدیک 33 کے وی بجلی ٹرانسمیشن لائن کو پہنچے نقصان سے سب ڈویژن گندوہ و ٹھاٹھری میں 15 گھنٹے بعد بجلی بحال کی گئی۔ ادھر انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے خراب موسم میں پہاڑی علاقوں کا رخ و غیر سفر کرنے سے منع کیا ہے اور کسی بھی ایمرجنسی سروسز کے لئے ہیلپ ڈیسک و کنٹرول روم کے ساتھ رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔