عظمیٰ نیوزسروس
جموں//خطہ چناب کےتین اضلاع کشتواڑ ،ڈوڈہ اور رام بن میں کل ملاکر96امیدواروںنے آخری روز اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔کاغذات جمع کرنے کے آخری روزڈوڈہ ضلع میں 41، کشتواڑ ضلع میں 32اور رام بن ضلع میں 23 اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے ہیں۔
کشتواڑ کے3حلقوں سے 32امیدوار وںکے کاغذات جمع | 3سابق وزراء،ڈی ڈی سی چیئرپرسن وممبراو ر ایک نوجوان لڑکی بھی میدان میں
عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ ضلع کے تین اسمبلی حلقوں میں کل 32امیدواروںنے اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں۔48۔اندروال اے سی سےکل 13اُمیدواروںنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے ہیں۔اسمبلی حلقہ 49۔کشتواڑ کے لئے 11اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے ہیں جبکہ اسمبلی حلقہ 50۔پاڈر۔ناگسینی سے 8اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کئے ہیں۔بی جے پی کی جانب سے کشتواڑ ،اندروال و پاڈر ناگسینی سے سبھی تینوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی دائر کئے ۔ یوٹی صدر رویند رینا کی موجودگی میں کشتواڑ سے پارٹی کی نوجوان خاتون امیدوار سرشتی شگن پریہار نے اپنے کاغذات جمع کرائے۔ادھرناگسینی پاڈر سے پارٹی کے امیدوار سنیل شرما نے بھی اپنے کاغذات جمع کرائے جسکےبعد انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوے کہا کہ نیشنل کانفرس و کانگریس الائنس نے منشور تیار کیا کہ یہاں کی شیڈول کاسٹ و شیڈول ٹرائب ،اوبی سی کوٹہ کو ختم کیا جائے تاہم اسے ہم آخری دم تک کامیاب نہیں ہونے دینگے۔اس دوران حلقہ اندروال سے بی جے پی کی ٹکٹ سے کاغذات نامزدگی دائر کرنے والے طارق کین نے میڈیا کوبتایاکہ اندروال میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے، سڑکوں کا جال بچھانےو گھر گھر بجلی پہنچانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائےگا ۔نیشنل کانفرنس کی جانب سے کشتواڑ و پاڈر ناگسینی حلقوں سے سجاد احمد کچلوا ور پوجا ٹھاکر نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں کے ہمراہ سجاد احمد کچلو و ڈی ڈی سی چیئرپرسن پوجا ٹھاکر نے کاغذات آر او کے سامنے جمع کرائے۔ ادھرپاڈر ناگسینی سے پہلی مرتبہ نیشنل کانفرس کی جانب سے خاتون امیدوار کو ٹکٹ دئے جانے پر پوجا ٹھاکر نے پارٹی ہائی کمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ خو ش قسمت ہیںکہ وہ پاڈر و ناگسینی کے عوام کی خدمت کریں گی۔ اس دوران انڈیا الائنس کے ہی کانگریس امیدوار شیخ ظفر احمد نے بھی اندروال حلقہ سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے فردوس احمد ٹاک نے کشتواڑ اور شیخ ناصر حسین نے اندروال حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔اس موقعہ پر فردوس ٹاک نے کہا کہ عوام بھارتیہ جنتا پارٹی سے آزادی چاہتی ہے اور ہم اپنے سر پر کفن باندھ کر نکلے ہیں۔انہوںنے کہا کہ یہ لڑائی نوجوانوں کی ہے ،خطہ چناب کا نوجوان تباہ ہوگیا ہے ،اب نوجوان کو سمجھ آچکا ہےکہ بی جے پی کے ساتھ لڑائی ہے ۔ایدوکیٹ شیخ ناصر حسین نے اپنے کاغذات نامزدگی دائرکرنے کےبعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی قوم کو دبنے نہیں دےگے یہ لڑائی شناخت و وجود کی لڑائی ہے اور میں یہ لڑائی لڑنے کیلئے ہمیشہ تیار ہوں۔اس دوران سابق وزیرجی ایم سروڑی اور این سی لیڈر پیارے لعل نے آزاد امیدواروںکی حیثیت سے اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
ڈوڈہ ضلع کے 3اسمبلی حلقوں میں 2خواتین سمیت 41امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع | 3سابق وزراء، 1سابق رکن اسمبلی و ایک سابق ایڈووکیٹ جنرل میدان میں
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی تین نشستوں پر پہلے مرحلے کے تحت ہونے جارہے اسمبلی انتخابات میں اپنی قسمت آزمائی کرنے کے لئےدو خواتین سمیت 41امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں جن میں تین سابق وزراء، ایک سابق رکن اسمبلی و ایک سابق ایڈووکیٹ جنرل شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسمبلی حلقہ 51-بھدرواہ میں 16امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے جن میں بی جے پی کے دلیپ سنگھ پریہار، نیشنل کانفرنس سے شیخ محبوب اقبال، ندیم شریف نیاز کانگریس، ایڈووکیٹ محمد اسلم گونی ڈی پی اے پی، ایڈووکیٹ محمد ماجد ملک آزاد امیدوار، محسن امتیاز آزاد امیدوار، وکرم راٹھور اپنی پارٹی، بھوری سنگھ آزاد امیدوار، میناکشی بھگت بی ایس پی، اشوک کمار جے کے اے اے ڈی پی، ونود کمار شیوسینا،انل کمار آزدامیدوار، پروین کمار آزدامیدوار و سنجے صراف بی جے پی، وریندر کمار رازدان آزدامیدوار و منوج کمار آزدامیدوار شامل ہیں۔وہیں اسمبلی حلقہ 52-ڈوڈہ سے بھی 16امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے جن میں بی جے پی کے گجہ سنگھ ،نیشنل کانفرنس کے سابق وزیر خالد نجیب سہروردی، ڈی پی اے پی سے سابق وزیر عبدالمجيد وانی، کانگریس کے ریاض احمد شیخ، تنویر حسین جے کے اے اے ڈی پی، راکیش کمار بی جے پی، عبدالمنان بانڈے این سی، عرفی مجید وانی ڈی پی اے پی، طارق حسين آزادامیدوار، جواز احمد آزادامیدوار، منصور احمد پی ڈی پی، طالب حسین پی ڈی پی، گرکیش گپتا آزادامیدوار ،معراج الدین عام آدمی پارٹی، بلال الدین آزادامیدوار و فیصل تنویر وانی آزادامیدوار شامل ہیں۔اسی طرح 53-ڈوڈہ ویسٹ اسمبلی حلقہ سے 09امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں سابق وزیر شکتی راج پریہار بی جے پی، تنویر حسین پی ڈی پی، سورن ویر سنگھ جرال آزادامیدوار، عبدالغنی ڈی پی اے پی، تلک راج شان شیوسینا یوبی ٹی، سید عاصم ہاشمی آزادامیدوار، یاسر شفی متو عآپ و میناکشی کالرا آزاد امیدوار قابل ذکر ہیں۔ اس طرح سے تینوں اسمبلی نشستوں میں دو خواتین سمیت 41امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔واضح رہے کہ کاغذات کی جانچ پڑتال آج ہوگی اور اپنا نام واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اگست ہے جبکہ ووٹنگ 18 ستمبر کو ہوگی۔
بانہال سے 10اور رام بن سے 13اُمیدواروں کے نامزدگی فارم جمع | وقار کا وقار دائو پر،شاہین کو پہلی جیت کی تلاش،رام بن میں ہل اور کنول آمنے سامنے
محمد تسکین
بانہال // حلقہ انتخاب بانہال سے دس اُمیدواروں نے اپنے نامزدگی فارم ریٹرننگ آفیسر بانہال رضوان اصغر کے پاس جمع کئے۔ اس موقع پر کانگریس ، نیشنل کانفرنس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے بڑی بڑی ریلیوں کی صورت میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر اپنے اُمیدواروں کے حق میں نعرے بلند کئے ۔ بانہال سے کانگریس کے سابق صدر وقار رسول ، نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر سجاد شاہین ، پی ڈی پی کے امتیاز احمد شان ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے محمد سلیم بٹ ، ڈی پی اے پی کے آصف احمد کھانڈے ، عام آدمی پارٹی کے مدثر عظمت میر ، بہوجن سماج پارٹی کے امتیاز احمد وانی ، آزاد امیدوار گلزار احمد نجار ، منظر احمد ملک اور آزاد امیدوار بشیر احمد شان میدان میں ہیں۔ بانہال اسمبلی نشست میں ایک لاکھ چھبیس ہزار سے زائد ووٹر حق رائے دیہی کے اہل ہیں۔ حلقہ انتخاب رام بن سے 13اُمیدواروں نے اپنے نامزدگی فارم داخل کرائے ہیں جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے راکیش سنگھ ، نیشنل کانفرنس کے ارجن سنگھ راجو ،ڈی پی اے پی کے گردھاری لعل باہو ،شیو سینا کے تلک راج ، جموں و کشمیر پنتھرس پارٹی انڈیا کے بہادر سنگھ ، این سی پی کے کرپال سنگھ ، آزاد امیدوار سورج سنگھ پریہار، آزاد اُمیدوار سنیل سنگھ ، آزاد امیدوار چین ، آزاد امیدوار سوتیش سنگھ ، آزاد امیدوار سریش کمار اور آزاد امیدوار دیوراج سنگھ شامل ہیں ۔ اسمبلی نشست رام بن میں ووٹروں کی کل تعداد اٹھانوے ہزار سے زائد ہے۔ 18ستمبر کو پہلے مرحلے میں بانہال اور رام بن اسمبلی حلقوں پر ووٹ ڈالے جائینگے اور بانہال میں کانگریس ، نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے جبکہ رام بن میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور نیشنل کانفرنس کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔