کشتواڑ //وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے آج کہا کہ چناب وادی میں سیاحت کی وسیع گنجائش ہے اور حکومت اس کو مہم جو سیاحت اور ٹریکنگ سرکٹ کا حصہ بنانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے جس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔گلاب گڑھ میں سیاحتی سہولیت مرکز ( ٹی ایف سی) کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بے روزگاری خطے کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور سیاحت کے شعبے میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں زنسکار تک ٹریکنگ روٹ ہے اور اس کو مہم جو سیاحت کا ایک حصہ بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مچھیل یاترا سے بھی مقامی نوجوانوں کو روزگار ملتا ہے اور اس علاقہ کی جانب سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں جس سے بہت حد تک مسائل کا خاتمہ ہوگا۔ سیاحتی سہولیت مرکز کا کام دو برسوں کے اندر مکمل کیا جائے گا اور اس سے سیاحوں کو جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس علاقہ کے لئے کئی ترقیاتی منصوبے ترتیب دئیے گئے ہیں جن میں پاڈر میں ڈگری کالج اور ایک علاحدہ زچہ و بچہ ہسپتال کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ نیلم کی کانوں کے لئے مشہور ہے اور حکومت اس کے ذریعے اقتصادی ترقی کو دوام بخشنے کی خواہاں ہے۔ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ علاقہ کی ترقی کے لئے کئی منصوبے ترتیب دئیے گئے ہیں۔رکن قانون ساز کونسل فردوس ٹاک نے اپنے خطاب میں علاقہ کی ترقی کے لئے کی جارہی حکومت کی کوشش کو کامیاب بنانے کے لئے عوام کا تعاون طلب کیا۔ اس موقعہ پر سیاحت سیکرٹری فاروق احمد شاہ اور کشتواڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔