کشتواڑ //مسلسل بارشوں کے بعد علاقہ میں چلنے والی تیز آندھی کی وجہ سے کئی مقامات پر نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ماضی قریب میں اس قسم کی خوفناک آندھی دیکھنے کو نہیں ملی ، 80کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی کی وجہ سے لوگ سہم گئے اور وہ گھروں تک ہی محدود ہو کر رہ گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلعمیں کئی ایک مقامات پر درخت جڑ سے اکھڑ گئے ، کئی مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں جب کہ لوگوں کی چار دیواریاں زمین بوس ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کئی ایک مقامات پر سرکاری ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔ بالائی علاقوں میں بجلی کے کھمبے ٹوٹ جانے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی منقطع ہو کر رہ گئی ہے جب کہ کئی رہائشی ڈھانچوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس آندھی اور طوفانی بارش سے فصلوں اور میوہ جات کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم ابھی تک کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ضلع راجوری کے کوٹرنکہ میں تازہ بارش اورتیز ہواﺅں نے مکی کی فصل تباہ کردی ہے ۔اتوارچار بجے کے قریب جگلانوں ،موہڑا، کراگ ،مدار، کھنڈی گلی علاقوں میں تیز بارش اور تیز ہوا نے مکی کی فصلوں کو تباہ کردیا ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ علاقے میں بہت ہی تیز ہوا چل رہی ہے اور بارش رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی جس وجہ سے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھر گیاہے اور مکی کی فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے ۔ غلام محمد نامی شخص کاکہناہے کہ ان کی زمیں اگی مکی کی 80% فصل سجدہ ریز ہوگئی ہے اور اب مشکل یہ ہے کہ سال بھر کا گزارا کیسے ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ وہ پورا سال راشن خرید نے کی سکت نہیں رکھتے اس لئے حکومت کو نقصانات کا جائزہ لیکر اس کا معاوضہ دیناچاہئے ۔