رام بن
محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن میں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں کئی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رنگا پروگرام پیش کئے گئے اور مارچ پاسٹ پر مہمان خصوصی نے ترنگے کو لہرایا ۔ضلع رام بن میں سب سے بڑی تقریب پولیس لائنز رام بن میں منعقد ہوئی جہاں آبپاشی کے وزیر شیام لعل چودھری نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ ان تقاریب میں پولیس ،سیکورٹی فورسز ،فوج اور درجنوں سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں سے وابستہ بچوں نے مارچ پاسٹ سلامی میں حصہ لیا اور کلچرل پروگرام پیش کئے۔ رام بن میں وزیر آبپاشی شیام لعل چودھری نے یوم جمہوریہ کی مبارکبادی دیتے ہوئے مرکزی اور ریاستی سرکار کی حصولیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی طرح ریاست جموں و کشمیر بھی ترقی کے میدان میں آگے بڑھی ہے اور سرکار یکساں تعمیر و ترقی کیلئے وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے ضلع رام بن میں تعمیر و ترقی کے کاموں کی بھی تفصیل بتائی ۔ وزیر نے ان فورسز جوانوں کو بھی خراج پیش کیا جو اپنی جانوں کو ملک کی حفاظت کیلئے نچھاور کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی رام بن نیلم لنگہے ، ڈپٹی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈوڈہ کشتواڑ رام بن رینج بسنت کمار رتھ ، ایس ایس پی رام بن موہن لعل ، ایڈیشنل ایس پی چودھری مشتاق سمیت تمام ضلع اور تحصیل افسران موجود تھے ۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کے سامنے بچوں اور مقامی فنکاروں نے زندگی کے مختلف شعبوں پر مبنی کئی سبق آموز پروگراموں سمیت سماجی ، ثقافتی اور تمدنی پروگرام پیش کئے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو محظوظ کیا۔آرمی بینڈ نے بھی وہاں موجود لوگوں کو اپنی دھن سے محظوظ کیا۔ اس موقع پر شائقین نے پروگراموں میں حصہ لینے والے بچوں اور فنکاروں اور کلاروں پر نقدی رقومات کی برسات کی اور ہزاروں کی رقم انعامات کے طور دی۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کیلئے سرکاری ملازموں ، رضاکارانہ طور سماجی خدمات انجام دینے والوں کو ٹرافیوں اور اسناد سے نوازہ گیا۔ اس موقع پر دھینک سیویرا رام بن کے رپورٹر شبھم انتھال کو بہترین رپورٹنگ کیلئے اعزاز سے نوازہ گیا۔ بٹوٹ کے عارف سلاریہ اور مہو بانہال کے حاجی غلام محمد بٹ کو بھی بہترین سماجی کارکن کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ چیف میڈیکل افسر رام بن ڈاکٹر سیف الدین خان ، لیکچرار ، سماجی کارکن راج سنگھ راجو ، پی ایچ سی کے انجینئر فیاض احمد گیری سمیت کئی ملازمین کو بھی بہترین کارکردگی کیلئے ایوارڈوں سے نوازہ گیا۔ اس موقع پر حالیہ امتحانات میں بہترین کارکردگی کیلئے کامیاب بچوں کو بھی اعزازات سے نوازہ گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
بانہال
بانہال میں ایس ڈی ایم وکاس ورما نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ بانہال میں سابقہ روایات کی طرح اس بار بھی یوم جمہوریہ کی تقریب میں لوگوں کی شرکت نا کے برابر تھی اور ھو کا عالم تھا ۔ اس موقع پر پولیس اور دیگر فورسز کے علاؤہ مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں سے وابستہ بچوں کی کئی ٹکڑیوں نے مارچ پاسٹ پریڈ میں حصہ لیا اور کئی کلچرل ایٹمز پیش کیں۔ اس موقع ایس ڈی ایم بانہال وکاس ورما کے علاؤہ تحصیلدار بانہال شفیق وانی ، ایس ڈی پی او دھیرج سنگھ کٹوچ ، ایس ایچ او بانہال ایجاز وانی اور فوج کے افسر اور دیگر عہدار موجود تھے ۔ بہترین کارکردگی کیلئے ٹیچر شوکت احمد لون سمیت کئی ملازموں کو اعزاز اور اسناد سے نوازہ گیا۔ اس کے علاؤہ بارہ راشٹریہ رائفلز بانہال نے بٹالین ہیڈکواٹر کراوہ بانہال میں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور کئی پروگراموں کا حصہ بنے۔ اس موقع پر قومی جھنڈے کو لہرایا گیا اور سلامی دی گئی ۔ رامسو میں سب ڈویڑنل مجسٹریٹ وقار احمد گیری نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ، اس موقع پر سکولی بچوں نے کئی کلچرل پروگرام پیش کئے اور انہیں انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا۔ شاہجان میر ساکنہ رامسو کو سڑک حادثات اور دیگر ناگہانی آفات میں میں دیدہ دلیری سے رضاکارانہ طور بچاؤ کاروائیوں کا کام انجام دینے کے اعتراف میں ایس ڈی ایم رامسو وقار گیری کی طرف سے اعزاز سے نوازا گیا
کھڑی
جبکہ تحصیل ہیڈکواٹر کھڑی میں تحصیلدار تابش سلیم اور اکڑال ، پوگل پرستان میں تحصیلدار نیاز احمد وانی نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد یوم جمہوریہ کی تقریب میں موجود تھی اور وہ سکولی بچوں کی طرف سے پیش کئے گئے کلچرل پروگراموں سے لطف اندوز ہوئے ۔ فوج کی طرف سے بانہال کے علاؤہ ناچلانہ ، چندرکوٹ ، اکڑال ، سینا بتی اور بٹوٹ میں بھی یوم جمہوریہ کی کئی تقریبات کا اہتمام گیا جبکہ سی آر پی ایف اور ایس ایس بی نے بھی جواہر ٹنل اور بانہال اور گول سنگلدان میں تقاریب منعقد کیں اور قومی پرچم کو لہرایا گیا۔ اس موقع پر بچوں میں انعامات اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ میں سب سے بڑی تقریب سپورٹس سٹیڈیم ڈوڈہ میں منعقد ہوئی جہاںجنگلات ، صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے وزیر مملکت ظہور احمد میر نے جھنڈا لہرا کر سلامی لی۔پریڈ میں پولیس،سی آر پی ایف،فارسٹ پروٹیکشن سروس،این سی سی کے دستوں کے علاوہ سکولی طلبأ نے حصہ لیا۔جب کہ رنگا رنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔ایم ایل اے ڈوڈہ شکتی راج پریہار ، ایم ایل اے بٹہ مالونور محمد شیخ، سابق وزیر اور ایم ایل اے ڈوڈہ عبدالمجید وانی ، ڈی ڈی سی ڈوڈہ بھوانی رکوال، ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کھٹانہ کے علاوہ سینئر افسران معزز شہریوں نے تقریب پر موجود تھے۔
کشتواڑ
کشتواڑمیں صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔پریڈ میں پولیس،سی آر پی ایف،فارسٹ پروٹیکشن سروس،این سی سی کے دستوں کے علاوہ سکولی طلبأ نے حصہ لیا۔جب کہ رنگا رنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔ڈی ڈی سی کشتواڑ انگریز سنگھ رانا، ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری ، اے ڈی سی کشوری لال کے علاوہ دیگر افسران اور معزز شہری اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کشتواڑ کے لوگوں کو یوم جمہوریہ کے سلسلے میں مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ملک کے عظیم رہنمائوں کی یاد دلاتا ہے جنہوںنے اپنی قربانیاں دے کر ملک کی آزادی حاصل کی۔
بھدرواہ
طاہر ندیم خان
بھدرواہ میں 69 واں یوم جمہوریہ گورنمٹ ہائر سیکنڈری سکول کے احاطہ میں منعقد کی گئی ،جہاں پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھدرواہ امام دین مہمان خصوصی تھے۔جنھوں نے قومی ترنگا لہرایا اور پریڈ کا معاینہ کرکے شاندار مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔پریڈ میں جے کے اے پی، این سی سی ،سول سکاڈ، علاقہ کے سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کے طلاب نے شرکت کی۔اس موقعہ پر اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ ،تحصیلدار بھدرواہ مسعود احمد، ایس ڈی پی او برجیش شرما، سی ای او اور ڈی ایف او وویک ورما مہمان ذی وقار تھے۔حاضرین کو مبارک باد دیتے ہوئے اے ڈی سی بھدرواہ نے کہا کہ ہندوستان آج کے دن ہی1950 میں ایک جمہوریہ بن گیا ،جس کی رو سے ملک کے شہریوں کو بلا لحاظ مذہب و ملت ، رنگ و نسل و ذات کے یکسان حقوق فراہم ہیں۔انہوںنے کہا کہ بطور ایک ذمہ وار شہری کے ہر ایک شہری کو چاہیے کہ وہ ملک کی ترقیاتی مہم میں اپنا کردار نبھائیں۔انہوںنے کہا کہ غربت، تشدُد ،جرائم ،دہشت پسندی ،رشوت خوری جیسے بدعات نے سماج کو کھوکھلا کر رکے رکھا ہے جس ے دور کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت نے یر شعبہ میں قابل قدر ترقی کی ہے ، اس موقعہ پر مختلف تعلیمی اداروں کی جانب سے ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کیا گیا ۔بعد ازاں ،اے ڈی سی بھدرواہ نے معزز مہانوں کے ہمراہ 8ویں،10ویں اور12ویں طلاب کی عزت افزائی کی جنھوں نے اپنے امتحانات میں شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔اس موقعہ پر تحصیلدار مسعود احمد، ایس ایچ او منیر خان، پبلسٹی آفیسر بی ڈی اے سجاد خان ، بی ڈی او محمد اشرف، این سی سی افسر عارف رانا ، پی ای ٹی عبدل حق، سجاد سرمدی و دیگران بھی موجود تھے۔آل انڈیا ریڈیو اسٹیشن بھدرواہ میں بھی یوم جمہوریہ منایا گیا ،جہاں پر اسٹیشن کے ڈائریکٹر عنایت اللہ گوہر نے قومی پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف جوانوں کی پریڈ پر سلامی لی۔پروگرام افسر سنجیو شرما ،ریڈیو اسٹیشن کے سٹاف اور سی آ ر پی ایف بھدرواہ یونٹ کے افسر و اہلکاربھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
بھالہ
بھالہ میں بھی یوم جمہوریہ کی تقریب تحصیل ہیڈ کوارٹر پر شایا ن و شان طریقہ اور جوش و خروش سے منایا گیا ۔ سا موقعہ پر تحصیلدار بھالہ ڈاکٹر امیر زرگر (کے اے ایس) مہمان خصوصی تھے جنھوں نے قومی ترنگا لہرایا اور جے کے پی سی سی اور سکولی بچوںکی جانب سے منعقدہ مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ا نہوں نے معمار آئین بھیم رائو امبیدکر کو زبر دست خراج عقیدت ادا کیا اور عظیم شہیدوں کی شہادت کو یاد کیا جنھوں نے اپنی قربانی دیکر ملک کو آزاد کیا۔انہوںنے ریاست میں امن و امان اور بھائی چارہ قائم رکھنے میں جموں و کشمیر پولیس ، آرمی اورنیم فورجی دستوں کی قربانیوں کو بھی یاد کیا ۔انہون نے سرکار کی جانب سے شروع کی گئی مختلف سکیموں اور پروگراموں کابھی خاکہ پیش کیا۔اس موقعہ پر تحصیلدار نے شرکا میں انعامات بھی تقسیم کئے۔بی ڈی او بھالہ طاہر ملک، ذیڈ ای او ،ذیڈ پی ای او، انچارج پولیس پوسٹ سنیل پریہار ،نائب تحصیلدار سنجے کمار، جے ای، پی ایچ ای، ٹی ایس او ،اے ای او ،بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
ٹھاٹھری
ٹھاٹھری میں بھی69 واں یوم جمہوریہ ہائی سکول کے احاطہ میں منایا گیا جہاں پر ایس ڈی ایم ٹھاٹھری محمد انور بانڈے مہمان خصوصی تھے، جنھوں نے قوی جھنڈالہرایا اور پرویڈ کا معیانئہ کیا اور جے کے پی سی سی ،سول سکاڈ او سکولی بچوں کے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ا نہوں نے شرکا کو مبارک باد دی اور اس دن کی اہمیت بیان کی۔تحصیلدار ٹھاٹھری ،ایس ایچ او ،26۔ آر آر کے کمانڈنگ افسر ،سی ڈی پی او، ایگزیکٹو انجنیئر، میونسپلٹی کے ایگزیکٹو افسر، و دیگر سرکار ی محکموں کے افسراں بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
ریاسی
ریاسی میں امداد باہمی اور امور لداخ کے وزیر چیرنگ دورجے نے سپورٹس سٹیڈیم میں ترنگا لہرایا اورمارچ پاسٹ پر سلامی لی۔پریڈ میں پولیس، آئی آر پی ، ین سی سی کے دستوں کے علاوہ سکولی طلبأ نے حصہ لیا۔جب کہ رنگا رنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے ریلویز پروجیکٹوں پر جاری کام ، پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کا جال بچھانا اور دومیل ۔کٹرا ۔ ریاسی ۔ بامبلا جیسے علاقوں میں موجودہ سڑکوں کو قومی شاہراہ کا درجہ دینے کی بدولت علاقے میں لوگوں کو فراہم سہولیات کے بارے میں تذکرہ کیا۔
گول
زاہد بشیر
گو ل پورے خطہ چناب کے ساتھ ساتھ گول سب ڈویژن صدر مقام پر بھی یوم جمہوریہ کی تقریب کا انعقاد ہوا ۔ 26جنوری کے صبح 9:55منٹ پر یہاں پر پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی ۔ یہ رسم بدست ایس ڈی ایم گول پنکج منگوترہ ادا کی گئی ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی پی او گول محمد امین بٹ ، 58آر آر کمانڈنگ آفیسر ، تحصیلدار گول محمد اشرف، پرنسپل ڈگری کالج گول، پرنسپل ہائر اسکینڈری سکول گول کے علاوہ معزز شہریوں نے بھی اس تقریب میں حصہ لیا ۔ پرچم کشائی کے دوران پولیس اور اسکولی بچوں نے سلامی لی اور یہاں پر سکولی بچوں نے جو مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں سے وابستہ تھے رنگا رنگ پروگرام پیش کیا ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی پی او گول محمد امین بٹ کو ان کی بہتر کار کردگی ، عوام کے ساتھ بہتر تال مین اور عوامی مسائل کو حل کرنے میں پیش پیش پر اعزاز سے نوازہ گیا ۔ اس کے علاوہ بہتر کار کردگی پر بہت سارے ملازمین کو بھی اعزازات سے نوازہ گیا ۔
اکھڑہال
نمائندہ عظمیٰ
رام بن //ریاست کے باقی حصوںکی طرح اکھڑہال کے صدر مقام پر بھی69ویں یوم جمہوریہ 2018ء کی تقریبات منائی گئیں۔ نیشنل پنتھرز پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری سیوا سنگھ بالی نے 69ویں یوجم جمہوریہ کی تقریب کا اہتمام کیا ۔ اس تقریب میں چارلی کمپنی کے میجر بکرم سنگھ مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہو ئے ۔میجر بکرم سنگھ نے قومی جھنڈا لہراکر سلامی لی اس تقریب میں چارلی کمپنی کے جوانوں کے علاوہ ، بی ڈی او اکھڑہال ، تحصیلدار اکھڑہال ، بی ایم او اکھڑہال،نائب تحصیلدار اکھڑہال کے علاوہ اکھڑہال کے معززین نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر سیو ا سنگھ بالی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل پوگل پریستان اکھڑہال میں جو صدیوں سے بھائی چارہ چلا آرہا ہے اس کو اور مضبوط کر نے کی ضرورت ہے اور ا نہوں نے کہاکہ اگراس بھائی چارے کو کسی نے زک پہنچانے کی کوشش کی تو اس کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جا ئے گا انہوں نے مزیدکسی پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ کچھ لیڈران کو یہ صدیوں پرا نا بھائی چارہ راس نہیں آرہا ہے اور اس میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ان کو اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو نا دیا جا ئے گا۔اس خوشی کے موقع پرر رنگارنگ پروگرام منعقد کیا گیااورمتعدد اخباروں کے نمائندوں کو چارلی کمپنی کے میجر بکرم سنگھ کے ہاتھوں انعامات سے نوا زا گیا۔اس پروگرام میں کلا کاروں نے پہاڑی ، ڈوگری ، بھدروائی ، کشمیری کے علاوہ پوگلی میں گیت پیش کئے اور سامعین کومحظوظ کیا ۔ادھر ہائر سیکنڈری سکول اکھڑہال میں بھی یوم جمہوریہ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا اس تقریب میں تحصیل دار اکھڑہال مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہو ئے ۔ تحصیلدار اکھڑہال نے بعد میں قومی جھنڈا لہر کر قومی سلامی دی ۔ اس موقع پر چارلی کمپنی کے جوانوں نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعے پر مختلف سکولوں کے بچوں اور پولیس وفوج کے جوانوں نے مارچ پاس پر سلامی پیش کی اورکئی بچوں نے مختلف رنگارنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کرکے دادتحسین وانعامات حاصل کئے۔تقریب میں پرنسپل ہائر سکنڈری اکھڑہال نائب تحصیلدار سینابھتی اورکئی سیاسی وسماجی شخصیات نے حصہ لیا اس موقعہ پر فوج کے RR12کمپنی اکھڑہال نے ہتھیاروں کی نمائش بھی کی۔تحصیل دار اکھڑہال نے کہا کہ امن کاماحول ریاست میں بے روزگار اور غربت کاخاتمہ کرنے میں ضروری ہے ۔آج کے دِن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تحصیلدارنے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے آپسی بھائی چارہ اوریگانگت بنیادی اورلازمی جُز ہیں۔تقریب میں سٹیج سیکریٹری بشیر احمدبھدرواہی ،پرنسپل دارا سنگھ کے علاوہ تمام آرمی کے جوان بھی موجود تھے ۔