محمد تسکین
بانہال//اتوار کی کی صبح بانہال ، رام بن اور اد ھم پورکے سیکٹر میں بارشیں ہوئیں جس سے موسم قدرے خوشگوار ہوگیا ہے تاہم اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور شری امرناتھ یاترا میں شامل ٹریفک اور دیگر ٹریفک معمول کے مطابق چلتا رہا۔اگرچہ ہفتے کی شام سے ہی مطلع آبروآلود تھا تاہم اتوار کی صبح ادھم پور۔ رام بن اور بانہال کے درمیان مختصر وقت تک ہلکی بارشیں ہوئیں اور یہ سلسلہ آٹھ بجتے بجتے تھم گیا تھا تاہم بڑے دنوں بعد ہوئی ان ہلکی بارشوں نے مسلسل گرمی کی شدت سے بے حال لوگوں کو کسی حد تک راحت بخشی ہے۔ اس دوران ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کے روز شری امرناتھ یاترا میں شامل 307 گاڑیوں میں سوار 7208 یاتریوں نے رام بن۔ بانہال سیکٹر کو پار کرکے کشمیر کی راہ لی اور اس کے بعد شاہراہ پر پہلے سے ہی طے شدہ ٹریفک پلان کے مطابق نگروٹہ ، ادھم پور اور قاضی گنڈ سے ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوئے بغیر جاری رہا۔