رام بن //خطہ چناب کے تینوں اضلاع، ڈوڈہ کشتواڑ اور رام بن میں ’نوراترا‘‘کا تہوار مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منایاگیا جس کے دوران مندروں میں بھی خصوصی پوجا پاٹ اوربھجن کیرتن کا اہتمام کیاگیا۔یہ دن نئے سال کی شروعات کے بطور منایا جاتا ہے اوراس موقعے پر مندروں میں دن رات پوجا پاٹ کی محفلیں آراستہ ہوتی ہیں۔ منگل کو شہر کے مختلف علاقوں میں قائم مندروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں اہل ہنود نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جبکہ بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے شہریوںکی خاصی تعداد بھی ان تقریبات میں شامل ہوئی۔قصبہ جات و دیہات کے دیگرعلاقوں میں قائم مندروں میں بھی نوراتراکے موقعہ پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیاگیا ۔
رام بن ، بٹوت اور رام سو میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ضلع صدر مقام کے رگھوناتھ مندر، شو مندر کوہ باغ اور دیگر منادر کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ اس دوران مندروں میں جاگرن اور خصوصی پوجا ارچنا کا اہتمام کیا گیا ہے ۔کشتواڑ سے توصیف بٹ کے مطابق شو مندرفیصل آباد اور گوری شنکر مندرسرکوٹ میں صبح سے ہی شردھالوئوں کی طویل قطاریں رہیں، بالخصوص خواتین پوری عقیدت کے ساتھ مندروں میں آئی ہوئی تھیں جہاں نوراتروں کے سلسلہ میں خصوصی بھجن کیرتن اور بھنڈارے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اگلے رو روز تک مندروںمیں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا جائے گا جس دوران شردھالوئوں کی آمد متوقع ہے ۔