محمد تسکین
بانہال// ضلع رامبن کے بانہال ، جواہر ٹنل ، کھڑی مہو منگت ، وادی نیل پوگل پرستان ، کنڈہ ، سینابتی ، گول ، بٹوت ، سناسر، پنتی ٹاپ، رام بن اور راج گڑھ کے علاقوں میں چھ انچ سے ایک فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی جبکہ تین روز تک ہونے والی بارشوں نے زمینوں اور ندی نالوں اور چشموں کی روانی میں نئی جان لائی ہے ۔بارشوں اور برفباری سے دریائے چناب اور نالہ بشلڑی کے ساتھ ساتھ شہر و گام کے چشموں ، ندی نالوں اور دیگر آبی ذخائر میں سطح آب بڑھ گئی ہے اور عام لوگ اور زمیندار اس موسمی تبدیلی سے خوش ہیں ۔ سب ڈویژن بانہال اور سب ڈویژن رامسو کے علاقوں میں برفباری اور بارشوں کی وجہ سے معمولات کی زندگی اثر انداز ہوئی اور بانہال ، کھڑی ، رامسو اور پوگل پرستان اُکڑال کے ع علاقوں میں سڑکیں ، بجلی اور پینے کے پانی کا نظام پچھلے دو سے تین روز سے متاثر ہوا ہے اور بحالی کا کام کیا جارہا ہے ۔ ناچلانہ ۔ کھڑی اور تحصیل ہیڈکوارٹر کھڑی ۔ مہو سڑک پچھلے تین روز سے بند ہے اور بجلی کا نظام بھی منقطع ہوا ہے ۔ مقامی سماجی کارکن اور رضاکار شوکت ارشاد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مہو منگت میں ایک سے ڈیڑھ فٹ برف ہوئی ہے اور مہو اور باوا کے درمیان سڑک پر ایک فٹ سے زائد برف جمع ہے جبکہ کئی مقامات پر پتھر بھی گر آئے ہیں ۔ انہوں نے ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین سے مطالبہ کیا ہیکہ کہ مشینوں کو مہو سڑک سے برف صاف کرنے کیلئے فوری طور بھیجا جائے کیونکہ جمعہ دوپہر تک بھی کوئی مشین بحالی کیلئے میں آئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کی مشینری کو مہو سے برف صاف کرنے کا کام شروع کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے روزگار کمانے کے بعد واپس آئے دو سو کے قریب مزدور کھڑی مہو سڑک بند ہونے کی وجہ سے بانہال میں درماندہ ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بانہال ۔ منگت سڑک بھی برفباری کی وجہ سے بند ہے ۔ وادی نیل سے اطلاعات ہیں کہ نیابت نیل باٹو اور اس کی پہاڑیوں پر ایک سے ڈیڑھ فٹ برف ریکارڈ کی گئی ہے اور معمولات کی زندگی اثر انداز ہوگئی ہے ۔ مقامی سماجی کارکن طارق ابرہیم سوہل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نیل باٹو اور اس کے مضافات میں جم کر بارشیں ہوئی ہیں جبکہ جمعہ کی علی الصبح سے ایک فٹ کے قریب برفباری ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیل کو جوڑنے والی دونوں سڑکیں بند ہوگئی ہیں جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی دوسرے روز بھی متاثر رہی ۔ انہوں نے کہا کہ مکرکوٹ ۔ نیل اور چملواس ۔ نیل رابطہ سڑکیں برفباری اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہیں اور عام لوگوں کیلئے عبور و مرور دشوار ہوگیا ہے ۔