اشتیاق ملک+محمد تسکین+عاصف بٹ
جموں //جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں کیساتھ ساتھ خطہ چناب میں دوسرے روز بھی بارش اور برفباری کاسلسلہ جاری رہا جسکی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رگئی ۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ ضلع میں دوسرے روز بھی برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔بدھ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو جمعرات کو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اس دوران اگر چہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا تاہم اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن و برف کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔ اس دوران بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے چلی پنگل، کاہرہ، گندوہ ،چنگا ،چرالہ ،گندنہ و بھدرواہ کے درجنوں دیہات گھپ اندھیرے میں رہے ہیںوہیں پانی کی کئی اسکیمیں بھی منجمد ہو گئیں ہیں۔ ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں دو سے ڈھائی فٹ و میدانی علاقوں میں 7/8 انچ کے قریب برف جمع ہوئی ہے۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے سابق سرپنچ ہڈل چوہدری ہاشم دین نے کہا کہ ڈیڑھ سے دو فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ہے وہیں سابق سرپنچ کالجگاسر جے پال رینا نے کہا کہ بالائی علاقوں میں دو فٹ سے زائد برف جمع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے پانی، بجلی و ادویات کی فراہمی و سڑکوں سے برف ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر ضلع انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے غیر ضروری سفر کرنے سے احتیاط کرنے و ایمرجنسی کے دوران ضلع کنٹرول کے ساتھ رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے
رام بن
رام بن ضلع میں بھی برفباری و بارش کاسلسلہ جاری رہا ۔بانہال ، رامسو ، گول اور رام بن سب ڈویژن کے علاقوں میں دو مہینے بعد ہوئی برفباری اور بارشوں سے جہاں عام لوگوں خاص کر زمینداروں کے چہروں سے خوشی عیاں ہے وہیں برفباری کی وجہ سے معمول کی زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے اور سڑکیں اور بجلی کی سپلائی اثر انداز ہوگئی ہے۔بانہال ، کھڑی مہو منگت رامسو نیل اکھڑال،پوگل پرستان سینابتی ، کنڈہ ، بٹوٹ ، پٹنی ٹاپ، سناسر ، گول اور سنگلدان کے علاقوں میں چار سے اٹھ انچ تک ہوئی برفباری کی وجہ سے معمول کی زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے اور برفباری کی وجہ سے پوگل سینا بنتی ، کھڑی ،مہو،منگت سمیت مقامی رابطہ سڑکیں منقطع ہوئی ہیں اور قصبہ بانہال سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی بدھ کی رات ترسیلی لائنوں میں ائے فالٹ کی وجہ سے بند رہی تاہم جمعرات کی صبح بجلی کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔
کشتواڑ
کشتواڑ کے میدانی و بالائی علاقوں میں برفباری سے جہاں عوام نے راحت کی سانس لی وہی عام زندگی بھی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی۔ ضلع کے بالائی علاقہ جات میں رات بھر بارشوں و برفباری کا سلسلہ جاری تھی وہی میدانی علاقوں میں جمعرات کی صبح برفباری کا سلسلہ شروع ہوا۔ بالائی علاقہ جات میںایک فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گی۔ واڑون میں قریب ایک فٹ سے زائد برف باری ہوئی وہی مڑاوہ میں نو انچ،دچھن میں چھ سے آٹھ انچ مچیل میں چھ انچ پاڈر بونجواہ سروڑ ٹھکرائی سگدی مغل میدان میں چھ انچ چنگام کیشوان ،بملناگ پلماڑ میں آٹھ انچ کے قریب برف درج کی گئی وہیں میدانی علاقہ جات میں قریب پانچ انچ برف درج کی گئی۔ سنتھن ٹاپ پر قریب پانچ فٹ برف جمع ہوگئی ہے۔ دوپہر ہوتے ہی موسم میں قدرے بہتری ہوئی اور ہلکی دھوپ کھلی تاہم شام کے وقت دوبارہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔ برفباری سے جہاں عوام نے راحت کی سانس لی اور لوگوں کی بڑی تعداد کو چوگان میں برف کا مزہ لیتے ہوئے دیکھا گیا۔ برفباری کے ساتھ ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوگی جہاں دورافتادہ علاقہ جات میں بدھ کی شام سے ہی بجلی غل ہوگی تھی جبکہ میدانی علاقوں میں دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جسے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ برفباری کے سبب بالائی علاقہ جات میں متعدر سڑکیں بند ہوگی جسے آمدرفت متاثررہی ۔کشتواڑ بٹوت قومی شاہرہ کلگڑ کے مقام پر پسی گرآنے کے سبب آمدرفت کیلئے بند ہوئی تھی جسے قریب ایک گھنٹے بعد دوبارہ کھول دیاگیا۔وہی پولیس نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کنٹرول روم قایم کیا ہے اور نمبرات جاری کے ہیں ۔
ڈوڈہ انتظامیہ نے کنٹرول روم قائم کیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پچھلے دو روز سے جاری برفباری و بارشوں سے پیدا عوامی مسائل کے نپٹارا کے لئے ڈوڈہ انتظامیہ نے کنٹرول روم قائم کئے ہیں اور لوگوں سے خراب موسم کے دوران پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کرنے و کسی بھی میڈیکل و دیگر ایمرجنسی کے دوران ان نمبرات پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے. ضلع انتظامیہ سے جاری ایک بیان کے مطابق یہ کنٹرول روم 24×7 چالو رہے گا جس کے نمبرات اسطرح سے ہیں :01996233337 (ڈی سی آفس) 18001807122 (ٹال فری نمبر )9906320997, 9596776203 (کنٹرول روم)۔لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکل وقت میں مذکورہ نمبرات پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔