بانہال // بدھ کی رات پہاڑی ضلع رام بن کے بیشتر علاقوں میں ہوئی شدید ژالہ باری اور تیز آندھی سے مکئی کی فصل کو شدید نقصان پہنچا جبکہ سیلابی ریلوں کی وجہ سے کئی مویشی ہلاک ہوئے ۔آندھی اس قدر تیز تھی کہ کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ کر رہائشی مکانات اور بجلی تنصیبات پر جا گرے جس کی وجہ سے ان ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ بانہال ، راج گڑھ ، کھڑی ، پوگل پرستان ، اکڑال تحصیلوں میں ژالہ باری ،طوفانی بارش کے بعد تباہ کن ہواوں کی وجہ سے مکئی کی بیشتر کھڑی فصل تباہ ہو کر رہ گئی ہے۔ گاڑی ، کمیت ، گنوت ، ہالہ دھندراٹھ ، نیل ، سینابتی ، آلنباس ، کھڑی ، ترنہ ، ترگام ، مہومنگت ، باوا ، اڑمرگ سمیت درجنوں علاقوں میں مکئی اور راجماش کی اچھی پیداوار ہوتی ہے اور بیشتر غریب لوگوں کا گذارہ اسی پر ہوتا ہے لیکن گزشتہ شب آئی آندھی سے پوری فصل زمین بوس ہو گئی ہے ۔ راج گڑھ تحصیل کے مختلف نالوں میں آئی طغیانی کی وجہ سے کم از کم سات مویشیوں کے مارے جانے کی خبر ہے جبکہ کئی پھلدار درخت اور درختوں کی بڑی بڑی ٹہنیاںرہائشی مکانوں پر گر ائیں ہیں ، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ بانہال کے کسکوٹ علاقے میں اخروٹ کے دو بڑے درخت جڑ سے اکھڑ گئے جس کی وجہ سے پروفیسر عبدالوحید وانی کے رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے تاہم مکین معجزاتی طور بچ نکلے ہیں۔ اس سلسلے میں لوگوں نے ضلع حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع رام بن کے دیہات میں بدھ کی رات ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ زراعت اور محکمہ مال کی ٹیموں کو روانہ کریں تاکہ غریب لوگوں کو معاوضے کی فراہمی ممکن ہو سکے۔