محمد تسکین
بانہال // منگل کے روز ووٹ شماری کے دوران رام بن اور بانہال گول کی نشستوں پر دو بڑے اپ سیٹ دیکھنے کو ملے اور لوگوں نے سابقہ حکومت میں اقتدار میں رہی بھارتیہ جنتا پارٹی کے راکیش سنگھ ٹھاکر اور دو بار کے ممبر اسمبلی اور کانگریس کے امیدوار وقار رسول وانی کو مسترد کرکے انہیں تیسرے نمبر پر دھکیل کر شکست سے دو چار کر دیا ہے۔رام بن کی نشست پر نیشنل کانفرنس امیدوار ایڈوکیٹ ارجن سنگھ راجو نے اپنے نزدیکی مد مقابل اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے باغی لیڈر سورج سنگھ پریہار کو نو ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی جبکہ اس مقابلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار راکیش سنگھ ٹھاکور نے 17511ووٹ حاصل کرکے تیسرا مقام حاصل کیا ۔رام بن حلقے میں منڈیٹ کو لیکر بھارتیہ جنتا پارٹی سے ناراض ہوکر آزاد امیدوار کے طور میدان میں اترے سورج سنگھ پریہار نے 19412ووٹ حاصل کرکے دوسرا مقام حاصل کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اندر ہوئی اس پھوٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو رام بن کی نشست سے محروم کر دیا ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے کامیاب امیدوار ارجن سنگھ راجو نے رام بن نشست سے 28425 ووٹ حاصل کرکے قریب دو دہائی بعد نیشنل کانفرنس کو رام بن سے جیت دلائی ۔ بانہال نشست پر دو بار الیکشن ہار چکے نیشنل کانفرنس کے امیدوار سجاد شاہین نے شاندار جیت درج کرکے پی ڈی پی امیدوار امتیاز احمد شان کو 5943ہزار ووٹوں سے شکست دیکر بانہال نشست کو قریب چار دہائی بعد نیشنل کانفرنس کے کھاتے میں ڈالنے میں کامیابی حاصل کی۔بانہال سے دو بار کے ممبر اسمبلی اور کانگریس کے ریاستی صدر رہ چکے وقار رسول وانی نے اس الیکشن میں 20153ووٹ حاصل کرکے تیسرا مقام حاصل کیا جبکہ اس مقابلے میں پی ڈی پی امیدوار امتیاز احمد شان نے 26711 ووٹ حاصل کرکے وقار رسول کو پیچھے چھوڑا ۔ بانہال نشست پر کامیاب ہوئے نیشنل کانفرنس امیدوار سجاد شاہین نے 32654 ووٹ حاصل کئے اور یہ نیشنل کانفرنس کا اب تک کا سب سے زیادہ ووٹ شئیر بھی مانا جاتا ہے۔رام بن اور بانہال کی نشستوں پر پہلے ہی راؤنڈ سے نیشنل کانفرنس کے امیدواروں نے برتری بنانا شروع کی تھی اور یہ برتری بغیر کسی تبدیلی کے آخری راؤنڈ تک جاری رہی اور جیت میں بدل گئی ۔نیشنل کانفرنس کے دونوں امیدوار اس الیکشن میں مکمل طور پر بانہال اور رام بن کی نشست پر حاوی رہے اور اپنے حریفوں کو آگے بڑھنے کا ایک بھی موقع نہیں دیا ۔سجاد شاہین اور ارجن سنگھ راجو کی طرف سے جیت درج کرنے کے بعد نیشنل کانفرنس ورکروں کی طرف سے رام بن ، بٹوت ، گول سنگلدان ، رام سو ، نیل کھڑی اور بانہال میں جیت کا جشن منایا گیا۔