ڈوڈہ ضلع میں موسلا دھار بارشیں | ندی نالوں میں طغیانی، رابطہ سڑکیں زیر آب ،بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام متاثر
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں بدھ کو دن بھر موسلا دھار بارش جاری رہی جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق منگل و بدھ کی شب ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو بدھ کو دن بھر جاری رہی۔شدید بارشوں کے نتیجے میں ڈوڈہ بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر ریگی نالہ و دیگر مقامات پر بھاری پسیاں و پتھر گر آئے جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے ٹریفک معطل رہا تاہم دیر شام تک شاہراہ کو بحال کیا گیا ہے۔اس دوران ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا اور متعدد جگہوں تعمیر کئے گئے لکڑی کے عارضی پل سیلاب میں بہہ گئے اور پگڈنڈی راستے بھی تباہ ہوئے جبکہ گلی کوچے و اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکیں زیر آب آئیں۔مسلسل بارشوں سے بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں سب ڈویژن گندوہ و ٹھاٹھری میں بارہ گھنٹے بعد بجلی بحال کی گئی۔اس دوران پانی کی کئی اسکیمیں تباہ ہوئیں ہیں جبکہ زرعی شعبے کوئی بھی نقصان پہنچا ہے۔ادھر ضلع انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے خراب موسم کے دوران گھروں میں رہنے و پہاڑی علاقوں و ندی نالوں کا رخ نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ضلع انتظامیہ نے ہیلپ لائن نمبرات بھی جاری کئے ہیں۔