مینڈھر+بانہال //ہفتہ کے روزوادی چناب اور پیر پنچال کے کئی میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ، جبکہ پہاڑوں پر اس موسم کی تازہ برف باری بھی ہوئی ہے۔ بارشوں کے باوجود بھی جموں سرینگر شاہراہ پر دربار مو کا پہلا قافلہ اور دیگر مسافر بردار ٹریفک معمول کی طرح جموں سے وادی کشمیر کی طرف رواں رہا تاہم ٹرکوں کو دوپہر بعد چلنے کی اجازت تھی۔ تا زہ بر ف با ری سے وادی کشمیر کو ملا نے والی مغل شاہراہ ٹر یفک کی آمد ورفت کیلئے بند کردی گئی ہے ۔مغل شاہراہ کو چند روزقبل ہی ٹریفک کیلئے کھولاگیاتھا تاہم برفباری اور پسیاں گرآنے کی وجہ سے اسے بند کردیاگیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ شاہراہ پر سفر کرنا پہلے سے ہی خطرناک تھا تاہم اب تازہ برفباری سے روڈ کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ پیر گلی اور آس پاس کے علاقوں میں کئی فٹ برف جمع ہے اور اسی بات کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے ٹریفک بند کردی ہے ۔سڑک پر بھاری پھسلن بھی پیدا ہواہے ۔ واضح رہے کہ پہلے سے شاہراہ پر صبح9 بجے سے لیکر 4 بجے تک ہی سفر کرنے کی اجازت تھی ۔ہفتے کی صبح سے ہی بانہال رام بن سیکٹر میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری تھا جبکہ بانہال اور پیر پنچال کے مختلف پہاڑوں پر تازہ برف بھی ہوئی ہے۔ سہ پہر3 بجے موسم میں بہتری آئی اور کئی مقامات پر کچھ وقت کیلئے دھوپ بھی نکل آئی تاہم پانچ بجے بعد ضلع رام بن کے علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے پھر شروع ہوا۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے چند روز پہلے گرمی کی شدت سے بے حال لوگوں کو جہاں راحت ملی ہے وہیں بانہال ، گول ،بٹوٹ اور وادی چناب کے دیگر علاقوں میں سردی میں اضافہ ہوا ہے اور درجہ حرارت میںنمایاں کمی درج کی گئی جس کے نتیجہ میں لوگوں نے ایک بار پھر سردیوں کے ملبوسات فرن اور گانگڑٰی وغیرہ کو دوبارہ استعمال کرنا شروع کیا ہے۔ دن بھر کی ہلکی ہلکی بارش کے سلسلے کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل متاثر ہوئے بغیر جاری رہی اور سالانہ دربار مو کے پہلے قافلے میں شامل گاڑیوں اور مسافر برادر گاڑیوں نے جموں سے وادی کا سفر کیا۔ آج دربار مو کے سلسلے میں ٹرکوں اور فوج وفورسز کی کانوائے پر روک تھی۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے سنجے بھگت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آج دربار مو میں شامل گاڑیوں کا پہلا قافلہ وادی کشمیر کی طرف روانہ کیا گیا جبکہ اس دوران جموں سے مسافر بردار ٹریفک کو بھی یکطرفہ ٹریفک میں وادی کی طرف چلنے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ دربار مو کے پیش نظر مختلف مقامات پر روکی گئی مال بردار گاڑیوں کو ہفتے کی سہہ پہر بعد وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور پہاڑوں پر ہوئی تازہ برفباری کے باوجود ٹریفک کی نقل وحمل بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور بیشتر ٹریفک آج سہہ پہر تک جواہر ٹنل پار کر چکا تھا۔وادی میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات سے جاری موسلا دھار بارشوں اور تازہ برف باری کے نتیجے درجہ حرارت میں کافی گراوٹ آئی ہے جبکہ شہری اور دیہی علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقو ں کی سڑکیں زیر آب آگئیں ۔جس نے مسافروں کے علاوہ ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل کو مسدود کردیا ۔سونہ مرگ میں تازہ برف باری کے نتیجے میں 3انچ برف جمع ہوئی ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ20مئی تک موسمیاتی تبدیلیاں جاری رہیں گی ۔ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات کو ایک مرتبہ پھر موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ ، شمالی جنوبی اور وسطی کشمیر کے کئی علاقے کو میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں قائم سرکاری سکولوں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے سکولی عمارتوں کو نقصان پہنچا ۔ شمالی کشمیرکے سوپور ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقوں کی رائبطہ سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔ بانڈی پورہ کے بالائی علاقوں میں شدید بارشیں ہونے کی اطلاع ملی ہیں اور سونا واری میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں دریاء ولر کی پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ بانڈی پورہ سے نمائندے عازم جان نے اطلاع دی ہے کہ مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ضلع بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں میں قائم 8سکولوی عمارتیں زیر آب آگئیں ہیں۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں، کلگام ، پلوامہ اور اننت ناگ میں ہفتے کو بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برف باری سے وادی بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔آس پاس کے علاقوں میں لوگوں نے چلہ کلان جیسی سردی محسوس کی جبکہ سردی سے بچنے کے لیے لوگوں نے گرم ملبوسات اور کانگڑیوں کا استعمال کیا ۔بتایا جاتا ھے کہ سیاحتی مقام گلمرگ کی افروٹ پہاڈی اوردیگر پہاڑیوں پر ہوئی تازہ برف باری کے بعد گلمرگ سے سرینگر تک لوگوں نے دن بھر زبردست سردی محسوس کی ۔ ادھر سونہ مرگ سے نمائندے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ شب کو شروع ہوئی موسلادھار بارشوں کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقام سونہ مرگ میں تازہ برفباری سے شدید سردی کی لہر شروع ہوگئی ہے ۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شام سے گنڈ ، کنگن، گگن گیر، اور اس کے ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقام سونہ مرگ میں تازہ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے ،سونہ مرگ میں دو اینچ تازہ برف باری ریکاڑ کی گئی ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ بارش اور دھوپ کا یہ کھیل 20مئی تک جاری رہے گا تاہم بارش ہمیشہ ہلکی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اتوار شام سے موسم میں بھی بہتری آئے گی ۔