خطہ پیر پنچال میں پولنگ کا میلہ ،پولنگ مراکز پر جشن کا سماں راجوری ضلع میں 69.35اور پونچھ میں68.91فیصد رائے دہی ریکارڈ

عظمیٰ نیوز سروس

راجوری+پونچھ//لوک سبھا انتخابات میں ووٹنگ کے سابقہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے، راجوری ضلع میں لوک سبھا کے چھٹے مرحلے کی ووٹنگ میں ریکارڈ 69.35فیصدرائے دہی درج کی گئی جس میںراجوری اسمبلی حلقہ69.63فیصد رائے دہی کے ساتھ سرفہرست رہا۔لوک سبھا انتخابات کے چھ مرحلے کے تحت ضلع کے پانچ میں سے چار اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔عہدیداروں نے بتایا کہ راجوری ضلع کے چاروں اسمبلی حلقوں میں شام 7 بجے تک تقریباً 69.63 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔چار اسمبلی حلقوں میں سے نوشہرہ اسمبلی حلقہ میںشرح رائے 68.90فیصد، راجوری اسمبلی حلقہ میں 69.63فیصد، بدھل اسمبلی حلقہ میں 69.48فیصد جب کہ تھنہ منڈی اسمبلی حلقہ میں 69.35فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔دریں اثنا، پولنگ پارٹیاں اپنی ای وی ایم کے ساتھ ای وی ایم سلیکشن سنٹر پر پہنچنا شروع ہوگئیں اور عہدیداروں نے بتایا کہ تمام پولنگ پارٹیوں کے ہفتہ کی آدھی رات تک مراکز پر پہنچنے کی امید ہے۔ادھر تین اسمبلی حلقوں پر مشتمل پونچھ ضلع میںمجموعی طور پر68.91فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔پونچھ حویلی اسمبلی حلقہ میں شام سات بجے تک مجموعی طور پر67.35 فیصد،مینڈھر اسمبلی حلقہ میں70.68فیصد اور سرنکوٹ اسمبلی حلقہ میں68.98فیصد رائے دہی ریکارڈ ہوئی ہے۔