سمت بھارگو
راجوری //جمعہ اور ہفتہ کو ہونے والی تازہ بارش نے جموں و کشمیر کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں کسانوں کے چہروں پر خوشی لوٹا دی ہے۔گزشتہ پانچ ماہ سے مسلسل خشک سالی اور ناکافی بارش کی وجہ سے خطے میں عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی تھی اور زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی واقع ہوئی تھی تاہم، جمعہ کی رات شروع ہونے والی چار گھنٹے طویل بارش نے کھیتوں اور فصلوں کو نئی زندگی دی ہے۔اگرچہ یہ بارش درجہ حرارت میں نمایاں کمی لانے کے لئے کافی نہیں تھی، لیکن مقامی کسان پْرامید ہیں کہ اس سے ان کی فصلوں کو کافی حد تک فائدہ ہوگا۔مقامی کسان شبھم شرما نے بارش پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہم اپنی فصلوں کے لئے سخت پریشان تھے کیونکہ طویل عرصے سے خشک سالی جاری تھی۔ یہ بارش کسی نعمت سے کم نہیں‘‘۔اس بارش نے ان قدرتی آبی ذخائر کو بھی تازہ کردیا ہے جو طویل خشک سالی کی وجہ سے کم ہوتے جا رہے تھے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے خطے میں خشکی کے اثرات مزید کم ہونے کی توقع ہے۔موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ بارش مسلسل جاری رہی تو زیر زمین پانی کی سطح میں مزید بہتری آئے گی اور فصلوں کی پیداوار پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر بارش کا یہ سلسلہ مزید کچھ دن جاری رہا تو ربیع کی فصلیں خاص طور پر گیہوں اور سرسوں کی پیداوار بہتر ہونے کی امید ہے۔راجوری اور پونچھ کے مختلف علاقوں میں کسانوں نے قدرت کی اس نعمت پر اللہ کا شکر ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں مزید بارش ہوگی، جو زرعی معیشت کے لئے نیک شگون ثابت ہوگی۔
منڈی کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری
خراب موسم سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ
عشرت حسین بٹ
منڈی// سنیچر کی صبح سے ہی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارش ہوتی رہی جس کی وجہ سے سردی میں شدت پائی گئی ۔محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق جہاں وادی کے مختلف علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی وہیں ضلع پونچھ میں بھی بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی جبکہ دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے جہاں سردی میں اضافہ محسوس کیا گیا وہیں عام لوگوں کی زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔بارش اور ہلکی اور تازہ برف باری کی وجہ سے بازاروں میں لوگوں کی آئوجائی بھی کم دیکھنے کو ملی۔ منڈی تحصیل کے لورن ساوجیاں چکھڑی بن بن بالا آڑئی ، اتولی میں تازہ برف باری ہوئی اور ان علاقوں میں سردی میں بھی شدت محسوس کی گئی۔