پونچھ// جموںو کشمیر پیر پنجال عوامی پارٹی کے ریاستی صدر کی ایڈووکیٹ محمد یونس چوہان کی قیادت میں صدر دفتر پونچھ میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔اجلاس کے دوران مقررین نے مخلوط سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گذشتہ تمام سرکاروں کی طرح موجودہ سرکار نے بھی خطہ پیر پنجال کو جامعہ ترقیاتی منصوبہ جات میں نظر انداز کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ 2014 کے سیلاب سے 132 KV کی تاریں ٹوٹ گئی تھیںجنھیں ابھی تک مرمت کر کے چالو نہ کیا گیا ۔انہوں نے پونچھ یونیورسٹی کیمپس پربات کرتے ہوئے کہاکہ اس کا سنگِ بنیاد دس سال قبل رکھا گیا تھالیکن کام اتنی سست رفتاری سے چل رہا ہے کہ اسے مکمل ہونے کیلئے صدیاں لگ سکتی ہیں ۔ انہوں نے کیمپس کے کام کو بھی جلد ازجلد مکمل کیا جانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایم اے کورسز میں درجہ بندی شروع کی جائے نیز راجوری اور پونچھ دونوں اضلا ع میں خواتین کیلئے ریاست کے باقی اضلاع کی طرح ایک ایک انفرادی کالج کا قیام کیا جائے۔ انہوں نے پونچھ میں میڈیکل کالج اور انجینئرنگ کالج کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔ یونس چوہان نے میونسپل کونسل کے ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پونچھ شہر کا کوڑا کرکٹ پونچھ دریا میں ڈالتے ہیں جس سے پونچھ شہر اور اسکے گردونواح میں آلودگی پھیل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب مرکزی اور ریاستی سرکار کی جانب سے قصبوںکو آلودگی سے پاک کرنے کے لئے سالڈ لیکوڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اعلانات کررہی ہے اور دوسری طر ف سرکاری دفاتر میں تعینات ملازم ہی کوڑا پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے قصبہ پونچھ میں بسوں ،آٹواور سومو کیلئے الگ الگ اڈے بنائے جا نے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی طرز پر خطہ پیر پنجال میں سیر و سیاحت ،باغبانی اور زراعت کے فروغ کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں ۔اجلاس میںریاستی سیکریٹری مشتاق احمد فانی ، خزانچی جعفرید احمد کھاری ، ضلع صدر پونچھ چوہدری محمد شفیع کھٹانہ ، ضلع پونچھ نائب صدر چوہدر ی محمد افضل ، ضلع پونچھ جنرل سکریٹری عبدالرحمن اور راجہ محمد اشرف خان بلاک صدر ننگالی نے بھی شرکت کی۔