عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//خطہ پیر پنجال کے مختلف علاقوں میں مکئی اور دھان کی فصلوں کی کٹائی زور و شور سے جاری ہے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے خطہ میں موسم خشک رہنے کے باعث کسانوں نے اپنی فصلوں کی بروقت کٹائی شروع کی ہے اور خوشی و مسرت کے جذبات کے ساتھ اپنی محنت کے پھل حاصل کر رہے ہیں۔کسانوں کے مطابق اس سال موسم کی خوشگوار صورتحال نے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے اور انہیں توقع ہے کہ مارکیٹ میں فصلوں کی بہتر قیمت بھی ملے گی۔ مکئی اور دھان کی فصلوں کی کٹائی میں کسان اپنے گھریلو اور زرعی مزدوروں کی مدد سے دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ فصل بروقت مارکیٹ یا اسٹور کرنے کے لئے تیار ہو سکے۔زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ خشک موسم نے نہ صرف فصلوں کی نمو بہتر بنائی ہے بلکہ کاشتکاروں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران مشکلات بھی کم ہوئی ہیں۔ مٹی کی نمی مناسب رہنے کی وجہ سے دھان اور مکئی کی فصلیں صحت مند اور معیار کے لحاظ سے بہتر ثابت ہو رہی ہیں۔خطہ پیر پنجال کے کسانوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سالوں میں بارش کے غیر متوقع موسم کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچتا رہا، لیکن اس سال کی صورتحال کسانوں کیلئے کچھ حد تک بہتر تھی ۔علاقائی زرعی محکمے کے اہلکاروں نے کسانوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ فصلوں کی کٹائی کے دوران مناسب طریقہ کار اپنائیں اور فصل کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے جدید زرعی آلات اور تکنیکوں سے فائدہ اٹھائیں۔ محکمہ نے یقین دہانی کرائی کہ کسانوں کی فصلوں کی بروقت خریداری اور مارکیٹ تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ فصل کا نقصان نہ ہو اور کسان کو منصفانہ قیمت حاصل ہو۔خطہ پیر پنجال میں مکئی اور دھان کی فصلوں کی کامیاب کٹائی نہ صرف کسانوں کے لئے خوشی کا باعث ہے بلکہ علاقے کی معیشت اور خوراک کی فراہمی کے لئے بھی اہمیت رکھتی ہے۔