محمد تسکین
بانہال/ / اتوار کی دوپہر سے تھمی بارشوں کا تازہ سلسلہ پیر کی دوپہر سے پھر شروع ہوگیا ہے اور رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی موسلادھار بارشیں ہورہی تھیں اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کا ٹریفک تھا اور مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں اور مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کی صبح سے ہی موسم ابرآلود تھا اور دوپہر بعد سے ادہم پور ۔ رام بن اور بانہال کے علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں کا تازہ سلسلہ شروع ہوا ہے جو پیر شام تک جاری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر ٹریفک جاری ہے اور مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی اور بیشتر مسافر ٹریفک منزلوں کو پہنچ رہا تھا۔ اس دوران وادی چناب کے علاقوں میں ہفتے کی رات سے وقفے وقفے کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے اور ضلع انتظامیہ رام بن نے لوگوں کو احتیاط برتنے اور بلا وجہ کے سفر سے اجتناب کرنے کیلئے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس میں آئندہ چالیس گھنٹوں میں باقی علاقوں کی طرح ضلع رام بن میں درمیان سے شدید بارشوں ، سیلابی ریلوں اور بادل پھٹنے کی محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کی اطلاع شیئر کی گئی ہے ۔ اتوار سے ہی دریائے چناب کے علاؤہ نالہ بشلڑی ، مہو منگت نالہ اور گول نالہ میں پانی کی سطح بڑھ جانے کی اطلاعات ہیں ۔