سرینگر/سابق ممبر اسمبلی ،عوامی اتحاد پارٹی اور پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ کے لیڈر انجینئر رشید نے بدھ کو سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبد اللہ پر زور دیا کہ وہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کی حفاظت کیلئے کل جماعتی میٹنگ بلائیں۔
عوامی اتحاد پارٹی اور شاہ فیصل کی سربراہی والی پیپلز مؤمنٹ کے مشترکہ پلیٹ فارم ، پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ کی طرف سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران انجینئر رشید نے کہا کہ وقت بہت تیزی کے ساتھ بھاگ رہا ہے اس لئے ریاست کی خصوصی پوزیشن کی حفاظت کیلئے مشترکہ لائحہ عمل ضروری بن گیا ہے۔
رشید نے کہا''ہم عمر صاحب پر زور دیتے ہیں کہ وہ کل جماعتی میٹنگ طلب کریں تاکہ مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جاسکے۔ پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ ریاست کی خصوصی پوزیشن بچانے کیلئے متحد ہوکر کام کرنے کیلئے تیار ہے''۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمر عبد اللہ نے کل جماعتی میٹنگ نہیں بلائی توپھر پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ ہی اس کا اہتمام کرے گی۔
رشید کا کہنا تھا'' ہم جانتے ہیں کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی ہی ساری تباہی کی ذمہ دار ہیں لیکن اس وقت ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کا وقت نہیں ہے ، اس لئے پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ ہر کسی کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے''۔