سرینگر//پی ڈی پی پر عوامی منڈیٹ کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام عائد ہوئے کانگریس لیڈر اور سابق ممبر پارلیمنٹ طاریق حمید قرہ نے خبردار کیا ہے کہ’ آرٹیکل35اے ‘ کو ختم کرنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس آئینی شق کو ختم کرنے سے جموں وکشمیر کے تمام حقوق بھی ختم ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آئینی شق35اے کے تحت جموں وکشمیر کو الگ ایک پہچان اور مقام حاصل ہے ،لیکن اس شق کو ختم کرنے سے نہ صرف جموں وکشمیر میں سٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ کے حقوق سلب ہونگے بلکہ جموں وکشمیر کی اپنی شناخت بھی ختم ہوجائیگی ۔ قرہ نے کہا کہ جب وہ پی ڈی پی کے ساتھ وابستہ تھے ،تو انہوں نے پارٹی لیڈر شپ کو ان تمام خد شات کے ساتھ آگاہ کیا تھا کہ بھاجپا کے ساتھ اتحاد کرنے سے ریاست کو سنگین خمیازہ بھگتنا پڑ سکتا ہے ،لیکن بقول طاریق حمید قرہ پی ڈی پی اُس وقت اقتدار کے مزے لوٹنے میں مصروف تھی ۔ان کا کہناتھا کہ عوام مفادات کو پی ڈی پی نے یکسر مسترد کیا اور بھاجپا کے سامنے ہر ایک معاملے پر سر نڈر کیا اور آج نوبت آرٹیکل 35اے کو ختم کرنے تک پہنچ چکی ہے ۔طاریق حمید قرہ نے کہا کہ پی ڈی پی ،بھاجپا کے درمیان جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کیلئے ایک خفیہ سازشی اتحاد ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ پی ڈی پی چیئرپرسن اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آرٹیکل 35اے کے خاتمے پر اپنے تحفظات اور خد شات کا اظہار کیا ،یہ میرے (طاریق) کے موقف کی تائید ہے کہ آکر میں نے کیونکر پی ڈی پی سے کنارہ کشی اختیار کی ۔طاریق حمید قرہ نے مزید کہا کہ اب پی ڈی پی کھوکھلے نعرے لگاکر اپنی غلطیوں پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے۔