عشرت حسین بٹ
منڈی// ممبر اسمبلی پونچھ اعجاز احمد جان کا کہنا ہے کہ 370,35A اور جموں و کشمیر میں ریاست کے درجے کی بحالی کے لئے ان کی جنگ جاری رہی گی ۔ان خیالات کا اظہار موصوف نے منڈی تحصیل کے آڑائی علاقہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل نیشنل کانفرنس کی جانب سے دئیے گئے منشور میں جتنے بھی وعدے کئے گئے ہیں ان کو بہت جلد وفا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے معاملات کو حل کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور وہ ہمیشہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ کی قیادت میں عوام کے حقوق کی لڑائی لڑیں گے۔ اعجاز جان کا کہنا تھا کہ پونچھ حویلی کی عوام کے کافی ایسے کام جن میں بجلی پانی سڑک جیسے معاملات ہیں ،کو حل کرنے کی ضرورت ہے جنہیں ترجہی بنیادوں پر ان کی سرکار اور وہ کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں غریب عوام کو گھر بنانے کے لئے لکڑی کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے محکمہ جنگلات کے آفیسران کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی غریب شخص کو جنگلات سے لکڑی دینے میں کوتاہی کی گئی تو ان کے خلاف سنجیدہ اقدام اٹھائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگلات کے ملازمین کو چائیے کہ وہ دیکھیں کہ جنگل میں کس کمپاڈمنٹ میں کتنے پیڑ گرے ہیں تاکہ وہ غریب لوگوں کے کام آ سکیں۔ انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ بہت جلد ان کے بجلی کے بلوں پر سختی سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے آفیسران سے کہا کہ وہ بجلی کے بلوں کو دیکھیں اور بی پی ایل زمرے میں آنے والے صارفین کو بی پی ایل زمرے کے تحت بل بھجیں اور دوسرے صارفین کو بھی بجلی کے کم بل بھجیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بلوں میں کمی کے حوالے سے وہ اسمبلی میں عوام کی خاطر جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے آفیسران سے کہا کہ وہ غریب لوگوں کے کام کریں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے دوچار نہ ہونا پڑے۔موصوف نے آفیسران سے کہا کہ وہ بغیر کسی ڈر یا خوف کے اپنا کام کریں وہ خود ان کی پیٹھ کے پیچھے کھڑے ہیں ۔اعجاز جان نے کہا کہ ان کے حلقہ انتخاب میں عوام کو بہتر سڑک بہتر پینے کا صاف پانی اور بہتر تعلیمی نظام کے ساتھ ساتھ بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے وہ اور ان کی سرکار پْر عزم ہے۔انہوں نے آڑائی کے لوگوں کو کہا کہ آنے والے وقت میں ترقی کے نئے باب رقم کئے جائیں گے جو عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہوگا۔ اپنی تقریر میں موصوف نے کہا کہ کسی بھی وقت جموں و کشمیر کے وزیر اعلی آڑائی کا دورہ کر سکتے ہیں جس کے لئے پی ایم جی آئس وائی کے آفیسران کو ہدایات دیں کہ وہ آڑائی کی طرف جانے والی سڑک کی مرمت جلد از جلد کریں۔ انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے آفیسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ آڑائی سڑک کی اپگرڈیشن کے لئے ڈی پی آر تیار کریں تاکہ اس سڑک کی تعمیر کے لئے فنڈز واگزار کئے جاسکیں۔ اس موقعہ پر اعجاز جان نے آڑائی علاقہ کی تینوں پنچایتوں میں راشن ڈیپو قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
سڑکوں پر تارکول بچھانے کے کام کا جائزہ لیا
حسین محتشم
پونچھ//ممبر اسمبلی پونچھ اعجاز احمد جان نے ضلع ہسپتال پونچھ میں سڑکوں پر بچھائے جا رہے تارکول کے کام کا جائزہ لیااور متعلقین کو اہم ہدایات دی۔اس دوران انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ہسپتال میں مریضوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کڑے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ لگاتار ضلع ہسپتال کا دورہ کر رہے ہیں اس کی اہم وجہ یہی ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہاں آنے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال میں ایمبولنسوں اور دیگر گاڑیوں کو کھڑے ہونے کے لئے جگہ نہیں تھی اس لئے انہوں نے کوشش کی ہے کہ وہاں پر پارکنگ کے بہتر انتظامات ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال میں ایمرجنسی وارڈ کے سامنے جو خالی جگہ ہے اس پر تعمیراتی کام جلد شروع کئے جائیں گے تا کی وہ جگہ بھی مریضوں کی سہولت کے لئے استعمال ہوسکے۔انہوں نے ضلع ہسپتال میں تعینات افسران اور دیگر عملہ کے کام کاج کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہتر کام کر رہے ہیں۔