عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جموں و کشمیر میںحالیہ دنوںکی شدید اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں دریائوں،ندی نالوں ، چشموں اور جھیلوںکی پیاس کافی حدتک بجھ گئی ہے اور خشک ندی نالے پانی سے بھر گئے ہیں۔ تازہ بارشوں سے وادی کے واحد دریائے جہلم میں 2دن کے دوران سطح آب میں 8فٹ کا اضافہ ہوگیا ہے۔ موسمیاتی مرکز سرینگر نے کہا ہے کہ سنگم اور رام منشی باغ میں پانی کی سطح میں 8فٹ کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم، بارش کے تازہ مرحلے نے جاری سیزن میں بارش کی کمی کو معمول کی سطح پر پہنچا دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا ہے کہ18 سے 20 جولائی تک کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، 21 سے 23 جولائی تک، عام طور پر ابر آلود موسم رہے گا، اس دوران کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔ جموں ڈویژن کے لیے اورنج الرٹ21 اور 22 جولائی کو دوبارہ رہے گا۔موسمیاتی مرکزسرینگر کی طرف سے تیار کردہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ خطے میں یکم جون سے 16جولائی تک معمول کی بارش ہوئی ہے۔ اس مدت کے دوران 159.4 ملی میٹر کے مقابلے میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سرینگر سمیت کل نو سٹیشنوں پر معمول کی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ادھم پور، ریاسی اور سانبہ میں اس مدت کے دوران زیادہ بارش ہوئی۔تاہم، اننت ناگ، بڈگام، ڈوڈہ، گاندربل اور کولگام سمیت پانچ سٹیشنوں میں گزشتہ 46 دنوں میں بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی، جو کہ20 سے 59 فیصد کے درمیان تھی۔کشتواڑ اور شوپیان وہ دو سٹیشن ہیں جہاں 60 سے 99 فیصد کے درمیان نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔تاہم، راجوری واحد سٹیشن تھا جہاں جاری موسم کے دوران زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیر کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بدھ کے روز سنگم کے مقام پر جہلم میں سطح آب5.31 فٹ جبکہ جمعرات کو یہاں 7.52تھی۔ منشی باغ میں، یہ بدھ کو6.17 فٹ تھا، جو جمعرات کو11.3تھی۔ عشم میں بدھ کو سطح 4.37 فٹ تھی جو جمعرات کو7.0فٹ تھی۔