جموں//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ محکمہ زراعت خشک سالی کی صورت حال لمبی کھینچنے سے نمٹنے کے لئے ایک ہنگامہ منصوبہ تیار کررہا ہے ۔وزیر نے اِن باتوں کا اَظہاریہاں ایک میٹنگ کے دوران زرعی شعبے میں عملائی جارہی سکیموں کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ وزیرموصوف نے کہا کہ کسانوں کو گھبرانہ نہیں چاہیئے کیونکہ محکمہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کر رہا ہے ۔میٹنگ میں سیکرٹری زراعت شوکت احمد بیگ کے علاوہ دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔اس دوران اُنہوں نے مختلف سکیموں کی عمل آوری اور حصولیابیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں سے جانکاری حاصل کی ۔ہانجورہ نے افسروں سے کہا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کرکے مقررہ مدت کے اندر اہداف کی حصولیابی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ بنیادی سطح پر سکیموں کو مؤثر ڈھنگ سے عملایا جانا چاہیئے تاکہ لوگوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا ہوسکیں۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوںکو زرعی سرگرمیوں میں شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ اس میں روزگار کے کافی وسائل موجود ہیں۔ وزیر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں تک وقت پر بیج اور کھاد پہنچانے کیلئے اقدامات کریں ۔انہوںنے کہا کہ زرعی سیکٹر کو معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے کئی اختراعی سکمیں عملائی جارہی ہے۔