سرینگر//صوبہ کشمیر میں خشخاش اوراس کی کاشت پر مکمل روک تھام کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے تمام اضلاع میں ضلع سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔تمام اضلاع کے اے ڈی سیز ان کمیٹیوں کے سربراہ ہیں۔ایکسائز اینڈ ٹیکزیشن آفیسران کمیٹی کے ممبر سیکریٹری ہیں۔زراعت،باغبانی،پھولبانی،انڈسٹریز،میڈیسنل پلانٹ بورڈ ،سی آئی ڈی، سماجی بہبود اور تعلیم محکموں کے آفیسران کمیٹی کے ممبران کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔کمیٹی کی طرف سے پہلی میٹنگ ایک ہفتے کے اندر اندر منعقد کی جائے گی جس میں ربیع اورخریف موسم میں ایسے علاقوں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں خشخاش کی کاشت کی گنجائش ہے۔ایک میٹنگ میں بتایا گیا کہ سرکار نے خشخاش کی کاشت کا قلع قمع کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے تاکہ وادی بھر میں منشیات کی بدعت کا جلد از جلد خاتمہ یقینی بن سکے۔میٹنگ میں ایکسائز کمشنر،ترقیاتی کمشنرسرینگر، پولیس ،ڈائر یکٹر انڈسٹریز اورمتعلقہ محکموں کے سینئر آفیسران کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ وادی کے مختلف اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔