عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے ڈھانگری، سرانو اور آس پاس کے دیہات کے درجنوں افراد نے ٹنڈوال پل سے خالصہ چوک تک کے سڑک کے خستہ حال حصے کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ مظاہرین نے محکمہ تعمیرات عامہ (روڈز اینڈ بلڈنگز)، کالا کوٹ ڈویژن کو سڑک کی خراب حالت اور مسلسل تاخیر کا ذمہ دار ٹھہرایا۔یہ تقریباً آدھا کلومیٹر کا سڑک کا حصہ نہ صرف ڈھانگری بلکہ آدھے ضلع راجوری کو جموں-راجوری-پونچھ نیشنل ہائی وے سے جوڑتا ہے، جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں چلتی ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق، سڑک کی خراب حالت اور گہرے گڑھوں کی وجہ سے آئے روز حادثات ہو رہے ہیں۔ احتجاج اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ایک ٹاٹا موبائل (لائٹ گڈز وہیکل) سڑک کے درمیان گہرے گڑھے میں الٹ گئی، جس کے باعث ڈرائیور سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ یہ منصوبہ منظوری کے باوجود غیر ضروری تاخیر کا شکار ہے اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی، کالا کوٹ ڈویژن کی مجرمانہ لاپرواہی کی وجہ سے مقامی عوام کو ہر روز مشکلات کا سامنا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے جاری موسم میں سڑک کی حالت مزید خراب ہو چکی ہے، اور یہ عام شہریوں، طلبا، مریضوں اور ٹرانسپورٹ چلانے والوں کے لئے انتہائی خطرناک بن چکی ہے۔مظاہرین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سڑک کی مرمت اور بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا جائے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے اور عوامی نقل و حمل کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو عوامی احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔