یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا میں موجودہ خریف سیزن کیلئے زیادہ سے زیادہ کسانوں کے اندراج پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لیے 16 سے 30 اگست تک ملک بھر میں ایک خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ چوہان نے منگل کو کئی بینکوں اور مختلف ریاستی حکومتوں کے عہدیداروں کے ساتھ آن لائن میٹنگ میں یہ بات کہی۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن میں سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین ارکان کو مزید قرض دیں اور کہا کہ اس کے علاوہ انہیں ملک کے دور دراز اور ناقابل رسائی علاقوں پر بھی توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔مرکزی وزیر نے میٹنگ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ اس میں زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کا بہت اہم کردار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ جاتی قرض 2013-14 میں 7.3 لاکھ کروڑ روپے تھا، جو 2023-24 میں بڑھ کر 25.49 لاکھ کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ یہ ایک کامیابی ہے لیکن پھر بھی کچھ بینک اور ریاستیں کسانوں اور سیلف ہیلپ گروپوں کو قرض دینے میں سست روی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، اس لیے جو ریاستیں پیچھے ہیں، انہیں مزید کوشش کرنی ہوگی۔اس میٹنگ میں زراعت کے سکریٹری دیوش چترویدی اور دیہی ترقی کے سکریٹری شیلیش سنگھ بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں مختلف بینکوں اور ریاستوں کے سینئر افسران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔