عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ٹاؤن میں حالیہ دنوں ہونے والی مسلسل بارشوں کے سبب پانی جمع ہونے کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ شہر کے کئی علاقے، خصوصاً گوجر منڈی، کھیورہ، وغیرہ پانی میں ڈوبے نظر آتے ہیں، جہاں نہ صرف آمدورفت متاثر ہوئی ہے بلکہ لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ برساتی نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے، ناقص نکاسی آب کے نظام اور بلدیہ کی لاپرواہی نے صورتحال کو اور بھی خراب بنا دیا ہے۔ایک دکاندار نے کہاکہ ’’ہم کئی بار متعلقہ محکموں کو درخواست دے چکے ہیں، لیکن کوئی خاطر خواہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اب بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں‘‘۔بارش کے دوران سڑکوں پرسے بہتا اور کھڑا پانی نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہا ہے بلکہ حادثات کے امکانات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پیدل چلنے والوں، خصوصاً بزرگوں اور اسکول جانے والے بچوں کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہسپتالوں اور دیگر اہم اداروں تک پہنچنا بھی ایک چیلنج بن چکا ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ پانی کی نکاسی کے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ مستقل بنیادوں پر نکاسی نظام کی بہتری، نالوں کی صفائی، اور بارش کے پانی کی گزرگاہوں کی بحالی کی جائے۔