سمت بھارگو
راجوری // گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری نے خراب موسمی حالات کے پیش نظر جونیئر ریزیڈنٹس کی اسامیوں کے لئے ہونے والا تحریری امتحان ملتوی کر دیا ہے۔امتحان 31 اگست 2025 کو منعقد ہونا طے تھا لیکن مسلسل بارشوں اور موسم کی خرابی کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو سکا۔ بارشوں کے سبب عام سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر رکاوٹیں پیدا ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں امیدواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پرنسپل جی ایم سی راجوری کی جانب سے جاری تازہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اب یہ امتحان 4 ستمبر 2025 کو صبح 11 بجے مہرا کیمپس میں منعقد ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ امیدواروں کی سہولت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ وہ بغیر کسی دشواری کے امتحان میں شامل ہو سکیں۔انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ شدید بارشوں اور سڑکوں پر ہونے والی رکاوٹوں کی وجہ سے امتحان میں بروقت شرکت امیدواروں کے لئے ممکن نہ تھی، اس لئے تاریخ آگے بڑھانا ناگزیر تھا۔ کالج حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی تاریخ پر امتحان خوش اسلوبی سے منعقد ہوگا اور امیدواروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔علاقے کے امیدواروں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ان کے لیے امتحان میں شریک ہونا آسان ہوگا اور وہ بہتر تیاری کے ساتھ امتحان دے سکیں گے۔