ایم ایم پرویز
رام بن//بارش اور خراب موسم کے باوجود سری نگر جموں قومی شاہراہ جو رام بن ضلع کے ناشری-بانہال علاقوں سے گزرتی ہے بدھ کو دو طرفہ ٹریفک کیلئے کھلی رہی۔رام بن میں شاہراہ پر قواعد و ضوابط کی نگرانی کرنے والے ٹریفک حکام نے بتایا کہ منگل کی شام سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باوجود کئی ہلکی اور بھاری گاڑیاں بغیر کسی رکاوٹ کے قومی شاہراہ پر اپنی اپنی منزلوں کے لئے ناشری-بانہال اسٹریچ کو عبور کر گئیں۔ایس ایس پی، ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے رام بن، روہت باسکوترا نے کہا کہ جموں سری نگر نیشنل ٹریفک کی نقل و حرکت کے لئے کھلا ہے۔ٹریفک کنٹرول یونٹ کے عہدیداروں نے کہا کہ قومی شاہراہ مناسب موسم اور سڑک کے اچھے حالات کے ساتھ کھلی ہے۔ نجی گاڑیوں، ہلکی، درمیانی اور بھاری گاڑیوں کو دونوں طرف جانے کی اجازت ہوگی۔حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹریفک کنٹرول یونٹس جموں، سری نگر اور رام بن سے سڑک کی حالت کی تصدیق کئے بغیر ہائی وے پر سفر نہ کریں کیونکہ محکمہ موسمیات نے اگلے چند دنوں تک میدانی علاقوں میں شدید بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔