عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//ڈسٹرکٹ انتظامیہ ڈوڈہ نے انڈین محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) اور موسمیاتی مرکز سری نگر کی جانب سے خراب موسم کی پیش گوئی کے پیش نظر عوام کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ/ڈی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خاص طور پر بچوں اور بزرگوں جیسے حساس افراد کیلئے سرد موسم سے نمٹنے کے لئے مناسب تیاری کریں۔ ہوٹل، لاج اور گیسٹ ہاؤس مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کمروں میں مناسب وینٹی لیشن یقینی بنائیں تاکہ زائرین اور مسافروں کو دم گھٹنے یا صحت کے مسائل کا سامنا نہ ہو۔محکمے جیسے ریونیو، پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، پی ڈبلیو ڈی (میکانیکل انجینئرنگ)، پی ایم جی ایس وائی، اربن لوکل باڈیز، جے پی ڈی سی ایل، جل شکتی، اور صحت و طبی تعلیم کو اپنے متعلقہ خدمات کی دیکھ بھال کے لیے عملہ اور مشینری تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ہنگامی حالات کے لیے 24 گھنٹے کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیںجبکہ کنٹرول رومز کے نمبر جاری بھی کئے گئے ہیں ۔