سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے متعدد علاقوں میں جمعہ کی صبح شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ آنے والے طوفانی موسم نے کسانوں میں نئی تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید خراب موسم کی پیشگوئی بھی جاری کی گئی ہے۔اس وقت راجوری اور پونچھ کے اضلاع میں مکئی اور دھان کی فصلوں کی کٹائی اور خشک گھاس کی چنائی (جانوروں کے چارے کے لئے) زور و شور سے جاری ہے۔ یہ دور کسانوں کے زرعی کیلنڈر کا انتہائی اہم مرحلہ ہے، کیونکہ مکئی بنیادی اناج کی فصل ہے جبکہ خشک گھاس سال بھر کے لئے جانوروں کے چارے کا اہم ذریعہ ہے۔موسم میں اچانک تبدیلی نے کسانوں کو بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے۔ کسانوں کو خدشہ ہے کہ اگر بارش کی شدت میں اضافہ ہوا تو فصلیں اور چارہ خراب ہو سکتا ہے، جس سے انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔راجوری کے کسان اوم پرکاش نے کہاکہ ’ہمیں خطرہ ہے کہ اگر مسلسل شدید بارش ہوئی تو ہماری مکئی جو ہم کٹ رہے ہیں، کھیتوں میں سڑ جائے گی۔ یہ ہمارا بنیادی خوراک اور روزگار ہے‘‘۔اسی طرح، رکیش کمار ساسان نے کہاکہ ’یہ فصلوں کی کٹائی کا عروج ہے۔ چند دن بھی مسلسل بارش مکئی اور خشک گھاس دونوں کو تباہ کر سکتی ہے، جس سے ہمارے جانوروں کے لئے چارہ دستیاب نہیں رہے گا‘۔کسانوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور نقصان کی صورت میں فوری مدد فراہم کریں۔راجوری کے ریجنل ایگریکلچر ریسرچ اسٹیشن نے بھی کسانوں کے لئے ہدایت جاری کی ہے۔ اس ہدایت میں سینئر سائنٹسٹ ڈاکٹر وکاس شرما کی قیادت میں کسانوں سے کہا گیا ہے کہ دھان اور مکئی کی پکی ہوئی فصلوں کی کٹائی موسم کی بہتری تک ملتوی کریں۔ہدایت میں کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ پہلے سے کٹائی شدہ فصلوں کو محفوظ جگہ منتقل کریں یا کھیتوں میں ٹارپولین شیٹس سے ڈھانک کر بارش سے بچائیں۔ اس طرح مکئی کے کسان بھی اپنی فصل کی حفاظت کے لئے احتیاطی اقدامات کریں۔ماہرین نے زور دیا ہے کہ اس اہم کٹائی کے دور میں بروقت حفاظتی اقدامات سے فصلوں کے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے اور کسانوں کا سالانہ معاشی نقصان بچایا جا سکتا ہے۔