عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//رواں خراب موسم اور بارشوں نے کشمیر میں شہد کی مکھیاں پالنے والوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے کیونکہ مرطوب موسم نے شہد کی پیداوار کو بری طرح متاثر کر کیکسانوں کو پریشان کردیا ہے ۔کئی ماہرین زراعت نے بتایا کہ پھولوں کے سیزن یعنی اپریل اور مئی میں ہونے والی شدید بارشوں نے اس سیزن میں شہد کی پیداوار کو بری طرح متاثر کیا ہے اور انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایک مگس بان علی محمد ،جنہوں نے سیب کی روایتی کھیتی سے شہد کی کھیتی میں منتقل ہونے کے بعد ایک مثال قائم کی ہے، کہا کہ اس سال شہد کی مکھیوں کے پالنے والے فارم میں شہد کی پیداوار صفر ہے۔اس وقت ان کے باغ میں شہد کی مکھیوں کی350 کالونیاں ہیں جس سے گزشتہ سال 40کوئنٹل شہد پیدا ہوا تھا اور اس سال موسم بہار میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے ایک کوئنٹل بھی نہیں پیدا ہو سکا ہے۔
اس سال ہمارے پاس شہد کی پیداوار صفر ہے کیونکہ بارشوں نے پیداوار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ہم نے شہد کی مکھیوں کو پالنے کے لیے بہت بڑی رقم خرچ کی ہے۔بارہمولہ کے جہانگیر احمد نامی مگس بان نے کہا کہ اس سال کے شروع میں وہ اپنی شہد کی مکھیوں کے ساتھ راجستھان اور گجرات کی ریاستوں کے گرم مقامات پر پھولوں کی تلاش میں نکلے لیکن خشک موسم کی وجہ سے وہ بھی کام نہیں کر سکا۔ٹنگمرگ کے عبدالحمید نے بھی کہا کہ اس سال شہد کی پیداوار صفر رہی ہے جس کی وجہ سے شہد کی مکھیوں کے پالنے والے اپنی مکھیوں کی کھیتی جاری رکھنا غیر یقینی بنا رہے ہیں۔
حمید گزشتہ چار سالوں سے شہد کی مکھیوں کے پالنے سے وابستہ ہیں ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چھ سالوں میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ شہد کی پیداوار صفر ہونے کی وجہ سے انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیلے ٹنگمرگ کے علاقے میں شہد کی مکھیوں کی تقریباً 15,000 کالونیاں ہیں لیکن تمام شہد کی مکھیاں پالنے والوں نے اس سال شہد نہیں پیدا کیا ہے۔محکمہ زراعت کشمیر کے ایپی چر ڈیولپمنٹ آفیسر ہرمیت سنگھ نے کہا کہ محکمہ نے شہد کی مکھیوں کے پالنے والوں کا سروے کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس سال پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تاہم شہد کی مکھیوں کے پالنے والوں کے لیے ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام میں ایک انتظام موجود ہے۔