ڈاکٹر عامرعبداللہ
حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ایک ایسے دور میں مبعوث فرمایا گیا جب انسانیت کی قدریں بدل چکی تھیں، لوگوں میں اچھائی اور برائی کی تمیز مٹتی جارہی تھی۔ قومِ کائنات اللہ تعالیٰ کی وحدانیت سے لاتعلق ہوچکی تھی۔ اخلاقی اقدار، ضمیر کی آزادی، عدل و انصاف، اخوت و مساوات وغیرہ مفقود تھے،اور اُنہیں حاصل کرنے کا کوئی شعور بھی بیدار نہ تھا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مکہ میں پیدا ہوئے، وہیں پلے بڑھے، آپؐ کی نبوت سے قبل کی چالیس سالہ زندگی سے مکہ کا ہر شخص واقف تھا، آپؐ نے نہ کسی درس گاہ سے تعلیم حاصل کی، نہ کوئی ایسی صحبت ملی کہ جس کی وجہ سے آپؐ کو وہ علوم حاصل ہوتے جس کے چشمے یکایک نبوت کے بعد آپؐ کی زبانِ مبارک سے جاری ہوئے، مشرکوں کے لیے حیران کن تھا آپ شرک سے دور رہے، آپؐ کی چالیس سالہ زندگی کو دیکھ کر قریش کو اس قدر علم ضرور ہوچکا تھا کہ آپؐ کی طبیعت جھوٹ، فریب، بدعہدی اور اس قبیل کی تمام گراوٹوں سے پاک ہے، اسی لیے تو بڑے چھوٹے سب ہی آپؐ کو صادق و امین کہہ کر پکارتے تھے۔
آپؐ کی پوری زندگی بذاتِ خود ایک عظیم معجزہ ہے۔ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ دنیا کا کوئی پیغمبر یا بانی مذہب ایسا نہیں ہے کہ جس کی اخلاقی زندگی کا ہر ہر پہلو ہمارے سامنے اس طرح بے نقاب ہو کہ گویا وہ خود ہمارے سامنے موجود ہے۔ صرف معلم اعظم اور محسنِ انسانیتؐ کی حیاتِ طیبہ ہی وہ خاص انفرادیت رکھتی ہے کہ اس کا ایک ایک پہلو دنیا میں محفوظ اور اپنی اصل میں سب کے سامنے ہے۔
مشہور دانشور باسورتھ اسمتھ نے لکھا ہے کہ سیرت محمدیؐ پورے دن کی روشنی ہے جس میں محمدؐ کی زندگی کا ہر پہلو روزِ روشن کی طرح نمایاں ہے۔ (سیرتِ محمدؐ) آپؐ کا خود یہ حکم تھا کہ میرے ہر قول اور عمل کو ایک سے دوسرے تک پہنچاؤ، محرمانِ راز کو اجازت تھی کہ جو مجھے خلوت میں کرتے دیکھو ،اس کو جلوت میں برملا بیان کردو، جو حجرے میں کہتے سنو ،اُس کو چھتوں پر چڑھ کر پکارو، فرمایا! حاضر، غائب تک میری بات پہنچادیا کرے۔
اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو باطنی خوبیوں کے ساتھ ساتھ ظاہری حسن و جمال سے بھی خوب نوازا تھا۔سیدنا جابرؓ کہتے ہیں کہ آپؐ کا چہرہ آفتاب و مہتاب جیسا تھا۔ (صحیح مسلم) روح الامین حضرت جبرائیلؑ نے فرمایا کہ میں تمام مشارق و مغارب میں پھرا ، لیکن میں نے نبی اکرم ؐ سے زیادہ کوئی شخص حسین و جمیل نہیں دیکھا۔ دربارِ نبوت کے عظیم نعت خواں سیدنا حسان بن ثابتؓ نے بجا فرمایا ہے :(ترجمہ) آپ ؐسا حسین کسی آنکھ نے نہیں دیکھا اور آپؐ کا سا جمیل کسی ماں نے نہیں جنا۔ آپؐ ہر عیب سے پاک و صاف پیدا کیے گئے ہیں۔،گویا آپ ؐ خالق سے کہتے چلے گئے کہ مجھے ایسا بناتا جا اور وہ بناتا چلا گیا۔محمد رسول اللہؐ کی حیثیت سے آپؐ نے دنیا کو امن و آشتی کا جو چلن دیا، اپنے عمل سے انسانی حقوق کا جو چارٹر عطا کیا اور اپنی 23 سالہ نبوت کی زندگی میں جو اُسوئہ حسنہ چھوڑا، اکثر اُسے اس طرح بیان نہیں کیا جاتا کہ وہ موجودہ حالات میں ہمارے لیے انقلاب آفریں ثابت ہو، یہی وجہ ہے کہ اس قدر عظیم الشان پیغمبرؐ کے عظیم اُمتی ہونے کے باوجود ہم مختلف اور عجیب قسم کے احساس کمتری میں مبتلا ہیں۔ تمدن، وضع قطع اور معاشرتی رکھ رکھاؤ سے ہم کسی بھی طرح محمدی معلوم نہیں ہوتے۔ ہمیں جان لینا چاہیے کہ محض عشق مصطفیٰؐ کے دعوے کرلینے سے ہمارا ایمان کامل نہیں ہوتا کہ اطاعت و تابعداری کے بغیر محبت معتبر نہیں کہلائے گی۔ نبی اکرمؐ کی ساری زندگی اسلام کے غلبے و فروغ کی کوششوں سے لبریز ہے ،یہی وہ مقصد اولین تھا کہ جس کی تکمیل کے لیے آپؐ کو مبعوث فرمایا گیا ’’اللہ وہ ذات ہے کہ جس نے اپنے رسولؐ کو ہدایت اور دین حق دے کر بھیجا ،تا کہ یہ اُسے تمام ادیان پر ظاہر و غالب کردے‘‘۔ (القرآن)