اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں منگل کو مطلع صاف رہا تاہم گذشتہ روز گندوہ بھلیسہ، ٹھاٹھری ،بھدرواہ و دیگر مضافات سے لوگوں نے ٹھیکداروں و تعمیراتی ایجنسیوں پر رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے میں لاپرواہی و سست روی کا الزام عائد کیا تھا اور یہ خبر کشمیر میں بھی شائع ہوئی تھی جس کا اثر منگل کے روز دیکھنے کو ملا۔ اطلاعات کے مطابق منگل کے مطابق منگل کو سب ڈویژن گندوہ کے ملکپورہ ،گندوہ ،بھٹیاس، گواڑی، جکیاس کی رابطہ سڑکوں و بازاروں سے مکمل طور پر برف ہٹائی گئی تاہم اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن و کورا بدستور جاری ہے جبکہ منفی درجہ حرارت کی وجہ سے پانی کے نل و دیگر سکیمیں منجمد ہوئے ہیں۔ادھر بھدرواہ چمبہ و بھدرواہ بسوہلی شاہراہ پر بھی برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔سابق بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ برفباری سے اگر چہ دھند و دھویں سے نجات ملی ہے لیکن عوامی مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹھیکداروں نے برف ہٹانے میں لاپرواہی سے کام لیا ہے جو کہ نہ صرف گاڑیوں کی آمدورفت و عام راہگیروں کے لئے کسی پریشانی سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا ہے اور پگڈنڈی راستے بھی تباہ ہوئے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ و سرکار برفباری سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی مانگ کی۔