جموں یونیورسٹی میںچودھری شاہ محمدکی سبکدوشی پرتقریب
جموں//چودھری شاہ محمدکی سبکدوشی پرجموں یونیورسٹی میں ایس سی ؍ایس ٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک تقریب کااہتمام کیاگیا جس میں کثیرتعدادمیں ایس سی ؍ایس ٹی ملازموں نے شرکت کی۔ چودھری شاہ محمدنے اس موقعہ پرخیالات کااظہارکرتے ہوئے نوکری کے دوران حاصل کئے ہوئے تجربات کے بارے میں بتایا۔ ایسوسی ایشن کے صدرآرایل کیتھ اورجنرل سیکریٹری ایس سرجیت سنگھ نے کہاکہ چودھری شاہ محمدایک محنتی اور ایماندارملازم تھے۔انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعدان کی خوشحال زندگی کی تمنا ظاہر کی۔ ایسوسی ایشن کے ممبران نے انہیں یادگاری تحفے پیش کئے ۔تقریب کے دوران ایسوسی ایشن کے ممبران نے یونیورسٹی یونینوں کو اکاموڈیشن نہ دینے پرتشویش ظاہر کی۔اس موقعہ پردھرم پال، ملکھی رام ملہوترہ، وجے کمار، تھوڑورام منگلو،بشیراحمد،محمدشریف اورخان علی بھی موجودتھے۔
تین منشیات سمگلرگرفتار،1.5کلوگرام بھنگ ضبط
جموں//پولیس نے تین منشیات فروشوں کوگرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 1.5 کلوگرام بھنگ ضبط کی۔پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق پولیس نے گذشتہ شام وویکانندچوک میں ایک کارکوروکا اوراس میں سوارتین اشخاص سے قریباً1.5کلوگرام بھنگ برآمد کی ۔گرفتارکئے گئے ملزموں کی شناخت عبدالمجید،محمدعارف خان اوریاسراحمدخان کے طورپر ہوئی ہے اوریہ سبھی اوڑی ضلع بارہمولہ کے رہنے والے ہیں ۔اس سلسلے میں جموں سٹی پولیس سٹیشن میں کیس درج کرکے تفتیش کاکام شروع کردیاگیاہے۔
نرسنگ عملہ کے مطالبات پورے کئے جائیں:نرسزایسوسی ایشن
جموں//جموں وکشمیرنرسزایسوسی ایشن ہیلتھ اینڈفیملی ویلفیئرکی جانب سے شبیراحمد جیلانی ریاستی صدرکی قیادت میں یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں نرسنگ عملہ کی طویل عرصہ سے التوامیںپڑی ہوئی مانگوں کواُجاگر کیاگیا جن میں مختلف پے گریڈوں کی تنخواہوں میں پائی جارہی تفاوت کودورکرنا اوردیگرمطالبات شامل ہیں ۔مقررین نے کہاکہ محکمہ صحت میں نرسوں کورات دن کام کرناپڑتاہے مگرایک عرصہ سے التوا میں پڑے ہوئے مطالبات کوحل نہ کرکے ان کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں وقت وقت پر متعلقہ اعلیٰ حکام سے گذارش بھی کی گئی ہے مگرابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
پروفیسربھیم سنگھ کاجموں وکشمیر کی تشکیل نوکا مطالبہ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ ہندستان کے صدر پر زور دیا کہ وہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے دفعہ ۔ 370میں ترمیم کرکے پارلیمنٹ کو جموں وکشمیر کا باقی ملک کے ساتھ مکمل انضمام کا اختیار دیںجس سے پارلیمنٹ کو جموں وکشمیر کے تعلق سے کم از کم تین امور دفاع، خارجی امور اور مواصلات (جنہیں برطانوی حکومت مجاز اتھارٹی نے حکومت ہند کو سونپا تھا )کے تعلق سے قانون بنانے کا اختیار مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہندستانی پارلیمنٹ نے الحاق کی روح مطابق کام نہیں کیا اور پارلیمنٹ کو پہلے کی گئی غلطیوں کو از خود سدھارنا چاہئے۔گزشتہ چار دنوں سے وادی کشمیر میں موجود پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ کشمیر ہندستانی آئین میں دیئے گئے تمام بنیادی حقوق ،جن میں تقریر، اظہار کی آزادی، تحریک اور کسی بھی سیاسی پارٹی میں شامل ہونے یا قائم کرنے کا اختیار شامل ہیں، کا حقدار ہے۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 35(A)کی وجہ سے کشمیر کے لوگ بنیادی حقوق سے محروم ہیں ۔ انہوں نے آرٹیکل 35(A)کو فوری طورپر منسوخ کرنے کا صدر ہند سے مطالبہ کیا جس سے جموں وکشمیر میں رہنے والے ہندستانی شہریوں کو بھی باقی ملک کے شہریوں کی طرح تمام بنیادی حقوق حاصل ہوسکیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے گجرات کے رائے دہندگان سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کی اپیل بھی کی جس سے ہندستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو یہ پیغام جاسکے کہ ہندستان کے لوگ گجرات میں پیدا ہونے والے مہاتما گاندھی کی قیادت میں ایک جھنڈا اور ایک آئین کے ساتھ متحد ہندستان کے خواہش مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم قومی اقدار کو مضبوط کرنے کے اپنے فرض کی ادائیگی میں ناکام رہے ہیں کیونکہ قومی اتحاد کو مضبوط کرنے کے لئے سیکولر اور جمہوری ہندستان ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی حکومت ریاست کے لوگوں کو بقیہ ملک کے لوگوں سے الگ کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی مثال یہ ہے کہ حکومت راشن کارڈ جاری کرنے کیلئے ریاست کے لوگوں کو جاری کئے گئے آدھار کارڈ کوئی اہمیت نہیں دیتی اور اسے ریاست کا باشندہ ہونے کے ثبوت کے طورپر تسلیم نہیں کرتی ہے اس طرح کی کئی مثالیں ہیں کہ مقامی لوگوں کو آدھار کارڈ ہونے کے باوجود راشن کار ڈ جار ی کرنے سے انکار کردیا گیا۔انہوں نے وزارت داخلہ سے اس معاملہ میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیاجس سے وہاں رہنے والے لوگوں کے آدھار کار ڈ کو ریاست کا باشندہ ہونے کے ثبوت کے طورپر تسلیم کرتے ہوئے راشن کارڈ جاری کردیئے جائیں۔اس موقع پر موجود لوگوں پارٹی کی جنرل سکریٹری محترمہ انیتا ٹھاک، مسٹر شنکر چب، مسٹر نیرج گپتا اور دیگر شامل تھے۔
عید میلادالنّبیؐ کے مقدس موقعہ پر
وزرا،آزاداورحکیم یاسین کی لوگوں کومبارک باد
جموں/ /مال ، امدا و باز آبادی کاری اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری ، بھیڑ و پشوپالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی اور خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی، حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق اندرابی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو عید میلاد النّبی ؐ کے مقد س موقعہ پر مبارک باد دی ہے اور امیدظاہر کی ہے کہ یہ مقدس دِن ریاست کے لوگوں کے لئے امن ، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا۔ریاست کے لوگوں کی بہبودی اور خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے وزراء نے اپنے مبارکبادی کے پیغام میںکہا ہے کہ اسلام ہمیں بھائی چارہ ، سادگی ، ہمدردی ، اپنا پن ، اخلاقیات کا درس دیتا ہے۔یوم جمعہ کو عید میلاد النّبی ؐ کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کے سلسلے میں وزراء نے متعلقہ افسران کو ہدایات دئیے ہیں کہ اس مقدس دِن پر بلا خلل بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔اس کے علاوہ حضرت بل، جناب صاحب صورہ ، آثار شریف کلاشپورہ ، کعبہ مرگ اننت ناگ ،اہم شریف بانڈی پور ہ ، پنجورہ شوپیاں اور مکہامہ بیروہ کی زیارت گاہوں کے ارد گرد صحت و صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ایس آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ عقیدت مندوں کو لانے اور لے جانے کیلئے معقول ٹرانسپورٹ انتظامات فراہم کئے جائیں۔دریں اثناسینئرکانگریس لیڈروراجیہ سبھامیںحزب اختلاف لیڈرغلام نبی آزاد نے عوام کوعیدمیلادالنبیؐ کی مبارکباددی ہے۔اپنے ایک پیغام میںغلام نبی آزادنے امیدظاہر کی ہے کہ عیدمیلادالنبیؐ کی یہ مبارک تقریب ریاست جموں وکشمیرکیلئے امن اورخوشحالی کاایک نیاپیغام لیکرآئے گی۔انہوں نے کہاکہ نبی کریمؐ کی حیات مبارکہ ہم سب کے لئے پیارومحبت اور صبروتحمل کادرس ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ وقت کے افراتفری اوربے چینی کے دورکوخوش حالی میں بدلنے کیلئے نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنالازمی ہے۔علاوہ ازیںممبراسمبلی خانصاحب حکیم یاسین نے عیدمیلادالنبیؐ کی تقریب سعید پرریاست کے عوام کومبارکباددی ہے۔اپنے ایک پیغام میںحکیم یاسین نے امیدظاہر کی ہے کہ عیدمیلادالنبیؐ کی یہ مبارک تقریب ریاست جموں وکشمیرکیلئے امن اورخوشحالی کاایک نیاپیغام لیکرآئے گی۔انہوں نے کہاکہ نبی کریمؐ کی حیات مبارکہ ہم سب کے لئے پیارومحبت اور صبروتحمل کادرس ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ وقت کے افراتفری اوربے چینی کے دورکوخوش حالی میں بدلنے کیلئے نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنالازمی ہے۔
جی او سی 26 انفنٹری ڈویژن گورنر سے ملاقی
جموں/ 26انفنٹری ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل سنجے سنگھ نے آج یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی اور انہیں بین الاقوامی سرحد پر ان کے حد اختیار میں آنے والے علاقوں کی سلامتی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی ۔
حکومت کی جانب سے دارٹرملی سڑک کیلئے3.5کروڑ روپے مختص
لال سنگھ کی افسران کو سڑک کاتعمیری کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت
بسوہلی / /جنگلات و ماحولیا ت کے وزیر چودھری لال سنگھ نے متعلقہ ایجنسی سے کہا کہ وہ پانچ کلومیٹر لمبی دار ٹرملی سڑک کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے اپنی افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کریں۔اس سڑک پروجیکٹ کے لئے حکومت نے پہلے ہی ساڑھے تین کروڑ روپے واگذار کئے ہیں۔یہ جانکاری گورنمنٹ ماڈل ڈگری کالج مہان پور میں وزیر موصوف کی صدارت میں منعقدہ افسروں کی ایک میٹنگ میں دی گئی۔پی سی سی جنگلات روی کیسر، چیف وائیلڈ لائف وارڈن منوج پنتھ کے علاوہ متعلقہ محکموںکے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔چودھری لال سنگھ نے کہا کہ حکومت بسوہلی حلقے کی ہر ایک بستی کو بہتر سڑ ک رابطو ں سے جوڑنے کے لئے وعدہ بند ہے اور حکومت نے سی آر ایف کے تحت سڑکوں کو بڑھاوا دینے کے لئے 42کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔اس سے قبل وزیر موصوف نے گورنمنٹ ماڈل ڈگری کالج مہان پور میں جگدیش چندر بوس بوٹینکل گارڈن کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس سے چار ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گااور یہ 62کنال اراضی پر محیط ہوگا۔وزیرموصوف نے اس موقعہ پر کئی ترقیاتی کاموں کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے کالج میں 13لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے جمنیزیم کا بھی افتتاح کیا۔ لال سنگھ نے کالج احاطے میں 50مائیکرون سے کم کے پالتھین کے استعمال سے اجتناب کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے گورنمنٹ ماڈل ڈگری کالج کی سرکاری ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا۔ بعد میں وزیر نے مہان پور پل سے کیویا تک تعمیر کئے جانے والی سڑ ک کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس سڑک کو 11.50 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے تعمیراتی کام فوری طور سے شروع کرنے کی ہدایت دی تاکہ عام لوگ مستفید ہوسکیں۔
آدھار سیڈنگ عمل میں سرعت لائی جائے:انصاری
جموں//انفارمیشن ٹیکنالوجی، تکنیکی تعلیم، امور نوجوان و کھیل کود کے وزیر عمران رضا انصاری نے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ لوگوں کو مشکلات میں ڈالے بغیر آدھار انرولمنٹ آپریشن میں سرعت لائیں۔اس بات کا اظہار وزیر نے آدھار انرولمنٹ عمل کا جائیزہ لینے کے سلسلے میں طلب کی گئی افسروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ متعلقہ ایجنسیوں کو اضافی انرولمنٹ ڈیوائسز حاصل کرنے کے سلسلے میں رقومات واگذار کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ افرادی قوت کو تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔وزیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ایک مونیٹرنگ کمیٹی تشکیل دیں جو آدھار انرولمنٹ پرائیویٹ طریقے پر چلا کر لوگوں سے اضافی فیس حاصل کرتے ہیں۔سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سوگات بسواس نے وزیر کو یقین دلایا کہ اُن کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
ڈاکٹر نثار کی این آئی ٹی سرینگر کے رجسٹرار کی حیثیت سے تقرری
نئی دہلی//جوائنٹ سیکرٹری یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نئی دہلی ڈاکٹر نثار میر کو نیشنل انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر کے رجسٹرار کی حیثیت سے تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔ڈاکٹر نثار یو جی سی میں مختلف شعبوں کی دیکھ ریکھ کے علاویہ نیشنل اکاڈمک ڈیپازٹری پروجیکٹ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں جس کے تحت اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے طلاب کے لئے ایک ڈیجیٹل لاکر قائم کیا جارہا ہے جس میں وہ اپنے تعلیمی انعامات جانچ پڑتال اور تصدیق کے لئے دے سکتے ہیں۔ پروجیکٹ کے تحت ملک بھر کے طلاب اپنے اسناد کسی بھی وقت آن لائین ڈاؤن لوڈ کر کے دُنیا کے کسی بھی کونے میں آن لائین جانچ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ڈاکٹر نثار اس سے قبل بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے رجسٹرار بھی رہ چکے ہیں۔ وہ کشمیر یونیورسٹی کے جوائنٹ رجسٹرا ربھی رہے ہیں۔انتظامی تجربہ کے علاوہ ڈاکٹر نثار نے سماجیات مضمون میں ڈاکٹوریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے چار کتابیں بھی ایڈیٹ کی ہیں۔ انہوں نے30 تحقیقی مقالے شائع کرنے کے علاوہ9 تحقیقی پروجیکٹوں پر بھی کام کیا ہے۔
کریانی تالاب نروال سڑک پر میکڈم بچھانے کے کام کی شروعات
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے کریانی تالان نروال سڑک پر میکڈم بچھانے کے کام کا آغاز کیا۔اس موقعہ پر سپیکر کو بتایا گیا کہ سڑک پرت میکڈم بچھانے جس میں راجیو نگر کے لنک روڈزس بھی شامل ہیں پر50 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔پبلک ورکس محکمہ کے افسروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سپیکر نے انہیں تندہی اور لگن سے کام کرتے ہوئے حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں جاری ترقیاتی کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ بٹولی اور بٹھنڈی واٹر سپلائی سکیموں کے ڈی پی آر جن پر36 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے، کو حکومت ہند کی منظوری کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ایم ایل سی وکرم رندھاوا کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سنیئر افسران بھی سپیکر موصوف کے ہمراہ تھے۔
عیدمیلادالنبی ؐ
جموں میں متعددجلوس برآمد ہونگے
طارق ابرار
جموں// دنیا بھر کی طرح ریاست کے جموں صوبہ میں بھی عید میلادالنبی ؐآج منائی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں جمعہ کے روزخطہ بھر میں حسب ِ روایت میلاد کے جلوس اورریلیاں نکالی جارہی ہیں۔اس دوران ریاست کے سرمائی دارالخلافہ جموں کی مساجد اورعیدگاہوںمیںدرودوسلام کی محافل اورسیرت النبی ؐ کانفرنسوں کاانعقادکیاجارہاہے۔جموںمیں 12ربیع الاوّل کے تعلق سے مختلف علاقوں سے جلوس محمدیؐ نکالے جائیں گے۔مفتی محمداسلم رضانے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ دعوت ِ اسلامی کی جانب سے جمعہ کے روز چواہدی سے جلوس نکالاجائے گاجو مقررہ راستوں سنجواں موڑ ،ذاکرنگر،کریانی تالاب ،مکہ مسجدسے ہوتاہوابٹھنڈی موڑ پہنچ کراختتام پذیرہوگاجس میںحسب روایت کثیرتعدادمیں عاشقان رسول اورفرزندان توحیدکی شرکت متوقع ہے ۔ اس سلسلے میں ایک جلوس مولاناریاض الحق اور مولاناصابرکی قیادت میںجامع مسجد سروال چوک سے نکالاجائے گاجو ٹالی موڑ ، نیوپلاٹ ، ہائی کورٹ روڈ، حیدرپور ، مین چوک جانی پورسے ہوتے ہوئے عیدگاہ رمضان پورہ پہنچ کر اختتام پذیرہوگاجہاں علماء کرام فلسفۂ میلاد بیان کریں گے۔ اس کے علاوہ جموں شہرکے وسط میں واقع جامع مسجدلکھداتابازارسے ایک جلوس نکالاجائے گاجوڈی سی آفس روڈ،گوجرنگرسے ہوتاہواپل توی جامع مسجدپہنچ کراختتام پذیرہوگا۔قابل ذکرہے کہ 12 ربیع الاول کوعالم اسلام ،سرکاردوعالم حضرت محمدؐ کی پیدائش کے دن کے طورپرعیدمیلادالنبیؐ مناتے ہیں ۔ میلادکے جلوسوں کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔صوبہ کے مختلف مقامات میں بھی اسی طرح کے جلوس برآمدہوںگے ۔واضح رہے کہ یکم ربیع الاول سے ہی مساجداوردیگرمقامات پرنعت خوانی اورعیدمیلادالنبی ؐ کی مجالس کے انعقادکاسلسلہ شروع ہوجاتا ہے جن میں علماء کرام آنحضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت ،آپ کی ذات مبارکہ اورسیرت طیبہ کے مختلف پہلوئوں پرروشنی ڈالتے ہیں۔اسی طرح ثناء خوان اورنعت خوان رسول آنحضرت ؐکی شان اقدس میں نعتیہ گلہائے عقیدت پیش کرتے ہیں۔دریں اثناء وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے حضرت محمد مصطفی ؐ کے یوم ولادت عیدمیلاد النّبی ؐ کے مقدس موقعہ پر لوگوںکومبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ دِن ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لے کر آئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دن پور ی عالم انسانیت کو قرب الٰہی حاصل کرنے اور اپنے گناہوں کی معافی طلب کرنے کا بہترین موقعہ فراہم کرتا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تضادات اور تنائوکے اس دور میں حضرت محمد ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ان تعلیمات میں ہی تمام مسائل اور مصائب کا حل مضمر ہے ۔محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے دعا کی ۔ریاستی گورنر این این ووہرا نے عید میلاد النّبی ؐ کے موقعہ پر ریاست کے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مقدس دِن ریاست میں آپسی رواداری ، امن ، ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے۔اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ اسلام ہمیں بھائی چارے ، سادگی ، ہمدردی اور اخلاقیات کا درس دیتا ہے اور آج کل کے پر تشدد دور میں ان اقدار پر عمل پیرا ہونے کی سخت ضرورت ہے ۔گورنر نے اس موقعہ پر ریاستی عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو عید میلاد النّبی ؐ کے مقدس موقعہ پرانہیں مبارک باد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ دِن ریاست کے لوگوں کے لئے امن ، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا۔اپنے ایک مبارکبادی کے پیغام میں ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اسلام ہمیں بھائی چارہ ، سادگی ، ہمدردی اور محبت کا پیغام دیتا ہے ۔