سپریم کورٹ نے جموں کشمیرحکومت کو
سپیشل لیوپٹیشن واپس لینے کی اجازت دے دی
جموں//سپریم کورٹ آف انڈیانے حکومت جموں وکشمیرکی جانب سے جموں وکشمیرہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ کی ہدایات کے خلاف دائرکی گئی سپیشل لیوپٹیشن (SLP) کوواپس لینے کی اجازت دے دی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت جموں وکشمیرنے اس وقت کے وزیراعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی سربراہی میں جون 2015 میں آرٹیکل (2)226 آف سی آر ایس آر کے تحت اعلیٰ اختیاراتی جائزہ کمیٹی کی سفارشات پر 63سرکار ی ملازموں کوقبل ازوقت نوکریوں سے سبکدوش کردیاتھا ۔اس معاملے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے جموں وکشمیرحکومت کو سپیشل لیوپٹیشن (SLP) واپس لینے کی اجازت دیتے ہوئے آٹھ ہفتوں کے اندراس پرعمل درآمدکرنے کاحکم جاری کیاہے۔
تاریگامی کی نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات
وادی میں ابتر بجلی صورتحال پربرہمی کا اظہار کیا
جموں//سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما و ممبراسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی نے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ جن کے پاس محکمہ بجلی کا قلمدان بھی ہے ، سے ملاقات کرکے وادی میں بجلی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا ۔ پریس کے نام جاری بیان کے مطابق تاریگامی نے ڈاکٹر نرمل سنگھ پر زور دیاکہ وہ وادی بالخصوص ضلع کولگام میں بجلی سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے ۔تاریگامی نے کہاکہ ریاستی حکومت فوری طور پر مرکز سے رجوع کرکے پاور گرڈ اسٹیشن آف انڈیا سے اضافی بجلی حاصل کرے تاکہ موسم سرما کے دوران وادی کشمیر میں پیدا ہوئی صورتحال کا مقابلہ کیاجاسکے اور بجلی سپلائی کی کمی پوری ہوسکے ۔موجودہ بجلی نظام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تاریگامی نے حکومت کو مشورہ دیاکہ وہ بجلی کی پیداوار بڑھانے اور ٹرانسمیشن و تقسیم کاری اور رسیونگ اسٹیشنوں کو وسعت دینے کے اقدامات کرے ۔کولگام ضلع کا حال بیان کرتے ہوئے تاریگامی نے نائب وزیر اعلیٰ کو بتایاکہ نیلو اور یاری پورہ رسیونگ اسٹیشن بھاری بوجھ تلے ہیں جن کی فوری اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے اورساتھ ہی ضلع میں مزید رسیونگ اسٹیشن قائم کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ کولگام رسیونگ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کاکام بھی جلد سے جلد مکمل کیاجائے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے تاریگامی کو یقین دلایاکہ وہ ان کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریںگے ۔اس موقعہ پر کمشنر سیکریٹری محکمہ بجلی ہردیش کمار بھی موجود تھے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تاریگامی کی صدارت میں حالیہ دنوں منعقد ہوئی انوائرنمنٹل کمیٹی کی میٹنگ کے دوران بجلی سپلائی کی ابتر صورتحال پر ڈیولپمنٹ کمشنر پاور اور محکمہ بجلی کے مختلف ونگ کے چیف انجینئران کو سمن جاری کیاگیا۔
مرحوم شیخ عبداللہ پسماندہ اوردبے کچلے لوگوں کے مسیحاتھے:لال چندمسافر
ادھم پور//نیشنل کانفرنس کے صوبائی جوائنٹ سیکریٹری لال چندمسافرنے یہاں جاری پریس بیان میںمرحوم شیخ محمدعبداللہ کوان کی 113ویںجنم سالگرہ کے موقعہ پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہاکہ مرحوم شیخ محمدعبداللہ بلالحاظ مذہب وملت پسماندہ ،غرباء، دلت اور دبے کچلے سماج کے مسیحاتھے۔ ان کی لڑائی زندگی بھررجعت پسند اورفرقہ پرست طاقتوں سے رہی۔وہ مساوات اورمذہبی رواداری کے حامی تھے اورتاریخ گواہ ہے کہ وہ کبھی دوقوموں کی تھیوری کے آگے نہیں جھکے۔ 1947 کے خونی اورہولناک پرآشوب دورمیں چٹان کی طرح ڈٹے اوراپنے کارکنان کی جانی قربانیاں دیکربھی اقلیتوں کاکشمیرکے اندرمکمل تحفظ کیا۔راشترپتامہاتماگاندھی جی کوروشنی اورامن کی کرن جلتی ہوئی کشمیرمیں ہی نظرآئی تھی۔حصول اقتدار کے قلیل سے پانچ سال کے دورمیں ان کی سرکارنے وہ انقلابی اقدام اٹھائے جس سے ان کانام رہتی دنیاتک منوررہے گا۔ فیوڈل ازم ،جاگیرداری اورچک داری کاخاتمہ کرکے انہوں نے کاشتکارکومالک زمین بنایا ۔صدیوں پرانے بے گاراورخون چوسنے والے قرضہ نظام کوختم کیا۔ جس کاسیدھافائدہ پسماندہ ،دلت طبقہ کوہواہے ،ریاست کوآئین ہندکے اندراندرونی خودمختاری دلائی۔ لال چندمسافرنے کہاکہ شیخ محمدعبداللہ سیکولرازم ، سوشلزم اورجمہوریہ کے بلندپایہ علمبردارتھے اورآزادی کے تھوڑے دنوں کے بعدپنچایتی راج کواورلوک راج کوگائوں تک پہنچایا۔ہرخطے کی یکساں ترقی کیلئے سنگل لائن ایڈمنسٹریشن لاگوکرکے ہمہ گیرترقی کروائی ۔ریاست کی سیاسی،اقتصادی حالت کوبدل ڈالا جس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شیخ عبداللہ کوحقیقی خراج عقیدت ان کے سنہرے اصولوںکی آبیاری کرنا اوران کومشعلِ راہ بناناہے۔
پنن کشمیرکاگوروتیغ بہادرسنمان یاتراکی حمایت کافیصلہ
جموں//پنن کشمیرکے صدر اشونی کمارچرنگوکی صدارت میں ایک اجلاس منعقدہواجس میں وریندررینہ قومی ترجمان ، اپندرکول جنرل سیکریٹری ،کمل باغاتی جنرل سیکریٹری ،وریندرکول آرگنائزنگ سیکریٹری، این ایم گادرو،خزانچی ،وجے قاضی ،پی کے بھان ،کے کے کول ،سریندرکول اورسمیربھٹ کنوینرپنن کشمیریوتھ نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں موجودہ صورتحال کے پیش نظرریاست کی سیاسی واقتصادی صورت حال زیرغورلائی گئی اور6جنوری 2018 سے شروع ہونے جارہی گوروتیغ بہادرسنمان یاترا2018کوحمایت دینے کافیصلہ لیاگیا۔ یہ یاتراگوردوارہ شیش گنج سے شروع ہوگی۔اشونی کمارچرنگونے اپنی تقریرمیں کہاکہ گذشتہ چھ دہائیوں سے جموں وکشمیرکی آبادی کے ایک طبقہ کے ساتھ خصوصی برتائو کیاجارہاہے ۔اس پالیسی کے نتیجہ میں کشمیری پنڈتوں کواپنے مادرِ وطن سے ہجرت کرنے کے لئے مجبورہوناپڑا۔
۔ 23ستمبراور26اکتوبرکوسرکاری تعطیل کی جائے:ہرش دیو
جموں//مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن 23 ستمبراور26اکتوبریوم الحاق کوریاستی تعطیل قراردینے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے جموں وکشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیوسنگھ نے اس دن کوتعطیل کادن قرارنہ دینے کے لئے بی جے پی ۔پی ڈی پی کی مخلوط سرکار کوسخت تنقیدکانشانہ بنایا ۔ہرش دیوسنگھ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ ایک عظیم محب وطن تھے جنھوں نے سال 1931 میں لندن میں گول میزکانفرنس میں برطانوی تاج کوچیلنج کرتے ہوئے کہاتھاکہ میں پہلے بھارت کاشہری اورپھرمہاراجہ ہوں ۔انہوں نے کہاکہ مہاراجہ ایک سیکولر اوردوراندیش رہنماتھے۔ ہرش دیو نے کہاکہ نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے 23 ستمبرکوریاستی تعطیل قراردینے کایقین دلایاتھالیکن ابھی تک اس سمت میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ہے جوکہ نہایت ہی قابل افسوس با ت ہے۔انہوں نے حیرت کااظہارکیاکہ اگر5دسمبرشیخ محمدعبداللہ کے جنم دن پرریاستی تعطیل قراردی گئی ہے توپھرمہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن پرکیوں نہیں؟۔
۔9کلوگرام بھکی ضبط،سمگلرگرفتار
جموں//منشیات سمگلنگ مخالف آپریشن سنجیونی کے تحت ایس ڈی پی اوآرایس پورہ سریندرچوہدری نے خصوصی اطلاع ملنے پرکارروائی عمل میں لاکر ایک شخص کے قبضہ سے9کلوگرام بھکی سمیت ضبط کرکے اسے گرفتارکیا۔اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آرنمبر 279/2017 متعلقہ دفعات کے تحت پولیس سٹیشن آرایس پورہ میںمعاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔پولیس نے یہ گرفتاری ایس پی ہیڈکوارٹررمیش چندرکوتوال کی نگرانی میں عمل میں لائی۔
حکومت 23ستمبرکوسرکاری چھٹی کامطالبہ
یوواراجپوت سبھاکا5دسمبر کویوم سیاہ منانے پرزور
جموں//یوواراجپوت سبھا نے لوگوں سے 5دسمبرشیخ محمدعبداللہ کے یوم پیدائش کویوم سیاہ کے طورپرمنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ شیخ محمدعبداللہ نے ڈوگرہ حکمرانی سے متعلق لوگوں کوگمراہ کیا۔ یہاں منعقدہ پریس کانفرن سسے خطاب کرتے ہوئے یوواراجپوت سبھا کے سابق صدر سریندرسنگھ گل نے حکومت سے 23ستمبرمہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کے دن کوسرکاری تعطیل کااعلان کرنے کامطالبہ کیا۔سریندرسنگھ گل نے کہاکہ شیخ محمدعبداللہ کے یوم پیدائش پرسرکاری چھٹی ہونااورمہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کے روز چھٹی نہ ہوناباعث تشویش بات ہے۔انہوں نے لوگوں سے کہاکہ 5دسمبرکویوم سیاہ کے طورپر منائیں۔
ذوالفقار کی اڑیسہ کے وزیر خوراک سے ملاقات
محکمہ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا
بھوبھنیشور/خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر ملک کی دیگر ریاستوں کے بہتر طور طریقوں کو اختیار کرنا چاہتی ہے تاکہ کام کاج میں صد فیصد شفافیت لائی جاسکے ۔وزیر موصوف جو ان دنوں اڑیسہ کے دورے پر ہیں نے وہاں کے وزیر خوراک سوریا نارائن پترو کے ساتھ ملاقات کی اور وہاں خوراک و امور صارفین کی طرف سے عملائی جارہی مختلف سکیموں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔اڑیسہ کے وزیر نے چودھری ذوالفقار علی کو وہاں اس محکمہ کے کام کاج سے روشنا س کرایا ۔ انہوں نے کنزیومر پروٹیکشن کی سرگرمیوں میں بھی چودھری ذوالفقار علی کو جانکاری دی۔امور صارفین کے حوالے سے اٹھائے جارہے نئے اقدامات کے بارے میں پترو نے کہا کہ وہاں کی حکومت سات مزید ورکنگ سٹینڈاڈ لیبارٹریاں قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اس وقت موجود 73 لیبارٹریوں کو بھی مستحکم کر رہی ہے۔اس دوران کئی دیگر اہم معاملات کو بھی زیر بحث لایا۔ اڑیسہ کے وزیرکے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ اس ریاست نے خوراک اور امور صارفین محکمہ میں اچھا نظام اختیار کیا ہے اور ریاست جموں وکشمیر کی حکومت بھی ان طور طریقوں کو اختیار کرے گی تاکہ یہاں کے کام کاج میں بہتری لائی جاسکے ۔وزیر نے بعد میں بھوبھینشور میں کئی فیئر پرائس دکانوں اور گوداموں کا بھی دورہ کیا۔
طلاب سماجی بدعات کے خاتمے میں اپنارول اداکریں:ڈاکٹرنرمل
سنت بال یوگیشور بھارتیہ ودیا مندر ددوارہ ، بلاورکی سالانہ دن تقریب
کٹھوعہ/ سنت بال یوگیشور بھارتیہ ودھیا مندر ددوارہ ، بلاور نے اپنا سالانہ دِن جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے اپنے خطبے میں سکول کے طلاب اور عملے کی کافی تعریف کی اور کہا کہ تعلیم کی بدولت نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشو ونما فروغ پاتی ہے اور ان کی مجموعی شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے موجودہ حکومت کی حصولیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بلاور حلقے کو ایک مثالی حلقہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور حلقہ کے لوگوں کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔انہوں نے اس طرح کا پروگرام منعقد کرانے کے لئے سکول انتظامیہ کو مبارک باد دی ۔
سپیکر نے اپسرا مارکیٹ میں تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا
جموں/قانون ساز اسمبلی کے سپیکر اور ایم ایل اے گاندھی کویندر گپتا نے گول مارکیٹ علاقے میں اپسرامارکیٹ انٹری گیٹ کے نزدیک تعمیراتی کام کا آغاز کیا۔ یہ پروجیکٹ 15لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جارہا ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا ہے کہ پروجیکٹ کو مکمل ہونے سے اس مارکیٹ کی جاذبیت میں اضافہ ہوگا۔ ستواری اور گنگیال علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران مقامی لوگوں اور دکانداروں نے اپنے اپنے مسائل سپیکر کی نوٹس میں لائے ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کویندر گپتا نے کہا کہ حلقہ کی ترقیاتی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے تمام کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔انہوںنے نئی بستی علاقے میں حالیہ آگ کی واردات سے متاثر کنبوں کا بھی دورہ کیا اور انہیں 10ہزار روپے نقدی امداد دی۔ بعد میں سپیکر موصوف نے سی این سی ہسپتال ترکوٹا نگر کے نزدیک ایچ ڈی ایف سی بینک کی ایک اے ٹی ایم کا بھی افتتاح کیا۔
بشارت بخاری،حکیم یاسین اورغلام حسن میرگورنرسے ملاقی
جموں/باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔وزیر نے گورنر کو ریاست میں باغبانی سیکٹر کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کرنے کے حوالے سے کئی اہم معاملات کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے وادی بھر میں فروٹ پروسسنگ یونٹوں کو قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ میوئوں کو ایک لمبے عرصے تک مختلف صورتوں میں محفوظ رکھا جاسکے۔گورنر نے بشارت بخاری کو صلاح دی کہ ریاست میں ہائی ڈنسٹی میوہ بوٹے لگانے کے تناظر میں آئند چند برسوں کے دوران میوہ پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہوسکتا ہے لحاظ وقت کی ضرورت ہے کہ ریاست میں کولڈ چین نظام قائم کیا جاسکے تاکہ ضرورت پڑنے پر ہی میوے بازاروں تک پہنچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پروسسنگ یونٹ بھی قائم کئے جانے چاہئیں۔علاوہ ازیںایم ایل اے خانصاحب حکیم محمد یاسین نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہر ا کے ساتھ ملاقات کی۔ اس دوران انہوںنے گورنر کو وادی کے عوام کو بجلی اوردیگر شعبوں میں درپیش مسائل کے بارے مٰں جانکاری دی۔ انہوںنے وادی میں ایک ساز گار ماحول قائم کرنے اور معاملات کو حل کرانے سے جڑے امور کو بھی زیر بحث لایا۔ گورنر نے ایم ایل اے موصوف پر زور دیا کہ وہ ریاستی عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے اپنی جامع کوششیں جاری رکھے۔علاوہ ازیں سابق وزیر غلام حسن میر نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کے ساتھ پنچایتی انتخابات سے جڑے معاملات اور لوگوں کو موجودہ سلامتی صورتحال میں درپیش چیلنجوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے ریاست کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بجلی پیداوار بڑھانے کی خاطر میعاد بند اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔